حکومت پنجاب سانحہ احمد پور میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلخانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے، ملک محمد احمد خان

اتوار 25 جون 2017 20:40

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2017ء) ترجمان پنجاب حکومت ملک محمد احمد خان نے احمد پور شرقیہ بہاولپور میں ہونے والے حادثہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ احمد پور کے قریب نیشنل ہائی وے پر پیش آنے والا حادثہ بہت ہی افسوس ناک ہے۔یہ حادثہ اہل پاکستان کیلئے نہایت ہی المناک ہے اور اس حادثہ پر جتنا افسوس کیا جائے اتنا ہی کم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب احمد پور سانحہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔حکومت پنجاب سانحہ احمد پور شرقیہ کے زخمی افراد کے علاج معالجہ کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، زخمی افراد کی مکمل صحت یابی تک مفت علاج معالجہ جاری رہے گا۔ ملک محمد احمد خان نے مزید کہا کہ احمد پور کے سانحہ کے لواحقین کو اللہ پاک صبر جمیل عطا فرمائے۔ احمد پور شرقیہ بہاولپور میں ہونے والے حادثہ کے پیش نظر ملک محمد احمد خان نے عیدالفطر کو سادگی سے منانے کا اعلان کیا ہے اور قوم سے بھی عید سادگی سے منانے کی اپیل کی ہے۔