سانحہ بہاولپور پر منفی سیاست افسوسناک ہے- دکھ کی اس گھڑی میں دوسروں کے زخموں پر نمک چھڑکنا قطعی طور پر مناسب نہیں

حادثے کی انکوائری کا حکم دیا ہے ‘اس کی تہہ تک پہنچیں گے ۔ قومی سطح پر کئی مسائل سے دوچار ہیں جن میں معیشت اور لوڈشیڈنگ سب سے اہم ہیں۔وزیراعظم نواز شریف کی بہالپور میں صحافیوں سے گفتگو -حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے لئے نوکریوں اور مالی امداد کا اعلان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 26 جون 2017 12:41

سانحہ بہاولپور پر منفی سیاست افسوسناک ہے- دکھ کی اس گھڑی میں دوسروں ..
بہاولپور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔26 جون ۔2017ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ یہ سیاست کاموقع نہیں،کل کچھ لوگوں نے بہاولپور سانحے پرسیاست کی- اس وقت قومی سطح پر کئی مسائل سے دوچار ہیں جن میں معیشت اور لوڈشیڈنگ سب سے اہم ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ بہت جلد ملک سے ان دونوں مسائل کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے تاکہ ایک بار پھر نوجوانوں کو روزگار کی سہولت میسر ہو۔

بہاولپور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سانحے کی مکمل انکوائری کروائی جائے گی اور اگر تیل لے جانے والی کمپنی کی اس معاملے میں کوئی کوتاہی ثابت ہوئی تو اس میں کسی قسم کی نرمی اور درگزر سے کام نہیں لیا جائے گا۔وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ سانحہ پر لواحقین سے دلی ہمدردی ہے ، اللہ پاک سے دعا ہے کہ وہ شہیدوں کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں اور پوری قوم کو اس واقعہ پر دکھ ہے ، میں نے اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی وزیر اعلیٰ شہباز شریف کو ہدایات جاری کیں کہ وہ خود انتظامات کی نگرانی کریں اور انہوں نے ایسا ہی کیا۔ انہوں نے کہا کہ بہاولپور سانحے پر منفی سیاست انتہائی افسوسناک ہے، اس قسم کی سیاست ملک میں نہیں ہونی چاہیئے، دکھ کی اس گھڑی میں دوسروں کے زخموں پر نمک چھڑکنا قطعی طور پر مناسب نہیں۔

حادثے کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے اور ہم اس کی تہہ تک پہنچیں گے اور اس واقعہ کو قوم کے لئے مثال بنائیں گے۔ وزیراعظم نواز شریف نے آئل ٹینکر حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے لئے نوکریوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ قومی سانحے پر منفی سیاست انتہائی افسوسناک ہے۔وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ حکومت کی جانب سے دیا جانے والا معاوضہ کسی بھی زندگی کا نعم البدل نہیں ہے لیکن مالی امداد سے لواحقین اور زخمیوں کے دکھوں کا کچھ مداوا ہو سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں کا بلند حوصلہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی اور حادثے میں زخمی ہونے والے افراد اور جاں بحق افراد کے لواحقین کو سرکاری نوکریاں بھی دی جائیں گی جبکہ حکومت غربت اور بے روز گاری کے خاتمے کے لئے بھرپور اقدامات بھی کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ حادثے میں جس طرح ریسکیو 1122، پاک فوج کے جوانوں اور ضلعی انتظامیہ نے مشترکہ آپریشن کیا اس کی نظیر نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ احمد پور شرقیہ میں پیش آنے والا حادثہ ملک میں گزشتہ 70 سال سے ہونے والی کرپشن کا نتیجہ ہے۔ قبل ازیں وزیراعظم نواز شریف کو سرکٹ ہاوس بہاولپور میں کمشنر نے حادثے سے متعلق بریفنگ دی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ حادثہ صبح چھ بجکر 20 منٹ پر پیش آیا،کراچی سے بہاولپور جانے والے آئل ٹینکر میں 25000 لیٹر تیل تھا۔عوام نے گرے ہوئے تیل کو اٹھانا شروع کردیا اور اس دوران آئل ٹینکر دھماکے سے پھٹا اور 265 افراد کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

سانحے میں 150 سے زائد افراد جاں بحق اور 125 زخمی ہوئے۔کمشنر کی بریفنگ کے بعد وزیراعظم نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی اور ساتھ یہ بھی کہا کہ ایسے واقعات کو مثال بناناچاہیے تاکہ آئندہ درست اقدامات کیے جائیں۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ حادثے کے ذمے داروں کا تعین کیا جائیگا اور دیکھا جائیگا کہ ٹرک کا معیار کیسا تھا۔

اس موقع پر انہوں نے زخمیوں کو10،10 لاکھ روپے کے چیک تقسیم کیے جبکہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو نوکریاں دینے کا اعلان کیا اور ساتھ ہی سانحے میں جاں بحق افراد کیلئے دعا بھی کرائی۔ وزیراعلی پنجاب شہبازشریف نے کہا کہ سانحے کے فوری بعد چیف آف آرمی ا سٹاف سے رابطہ کیا۔انہوں نے کہاکہ پاک فوج نے بھی امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ فرانزک جانچ سے چنددن میں لاشوں کی شناخت کاعمل مکمل ہوجائےگا۔

انہوں نے کہاکہ سانحہ احمد پور شرقیہ کے سبب عید سادگی سے منائی جائے۔ قبل ازیں وزیراعظم نواز شریف بہاولپور پہنچے تو وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیر مملکت بلیغ الرحمان اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ان کا استقبال کیا۔وزیراعظم میاں محمدنوازشریف نے وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور میں آئل ٹینکر سانحے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت اور امدادری چیک تقسیم کیے۔