فلپائن میں حکومت سے مذاکرات کے بعد داعش نے متعدد شہریوں کو رہا کر دیا ،ْلڑائی دوبارہ شروع

مراوی میں داعش سے منسلک عسکریت پسند تنظیم موتے گروپ نے عیدالفطر کے موقع پر 8 گھنٹوں کی خود ساختہ جنگ بندی کا اعلان کیا تھا

بدھ 28 جون 2017 11:50

منیلا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2017ء) فلپائن کے شہر مراوی میں داعش نے حکومتی وفد سے مذاکرات کے بعد متعدد شہریوں کو رہا کر دیا تاہم کچھ دیر کی جنگ بندی کے بعد لڑائی دوبارہ شروع ہو گئی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق مراوی میں داعش سے منسلک عسکریت پسند تنظیم موتے گروپ نے عیدالفطر کے موقع پر 8 گھنٹوں کی خود ساختہ جنگ بندی کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

اس دوران فلپائنی فوج کے ریٹائرڈ جنرل ڈکسن ہرموسی کی قیادت میں حکومتی وفد مراوی میں داخل ہوا اور انتہا پسند تنظیم کے رہنما عبداللہ موتے سے ملاقات کی، وفد میں 8 مسلمان رہنما بھی شامل تھے۔حکام نے بتایا کہ بات چیت کے نتیجے میں داعش کے جنگجوؤں نے چند خواتین اور بچوں کو رہا کردیا تاہم کچھ دیر کے وقفے کے بعد جھڑپیں دوبارہ چھڑ گئیں اور فلپائنی افواج نے جنگجوؤں کے ٹھکانے پر فضائی حملے شروع کردیئے۔واضح رہے کہ داعش سے منسلک فلپائنی عسکری تنظیموں نے مئی کے اواخر میں سرکاری افواج کو پسپا کرکے مسلم اکثریتی شہر مراوی پر قبضہ کر لیا تھا جنگ میں اب تک ڈھائی لاکھ افراد بے گھر جبکہ 350 جنگجو اور 69 فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔