چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نشتر ہسپتال ملتان میں احمد پور شرقیہ حادثہ کے زخمیوں کی عیادت کی

بحران سے نمٹنا مشترکہ قومی ذمہ داری ہے اور پاک فوج سول انتظامیہ کی معاونت کیلئے اپنی ذمہ داری ادا کرتی ہے ،ْسربراہ پاک فوج

بدھ 28 جون 2017 11:51

ملتان /راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2017ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نشتر ہسپتال ملتان میں احمد پور شرقیہ حادثہ کے زخمیوں کی عیادت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ کو نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور نشتر ہسپتال کے برن سینٹر کے انچارج نے زخمیوں کے علاج معالجہ کے بارے میں آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے افسوسناک واقعہ کے بعد سول انتظامیہ، موٹروے پنجاب پولیس، علاقہ کے عوام اور ہسپتال کے عملہ کے فوری ردعمل اور کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بحران سے نمٹنا مشترکہ قومی ذمہ داری ہے اور پاک فوج سول انتظامیہ کی معاونت کیلئے اپنی ذمہ داری ادا کرتی ہے۔ انہوں نے متاثرین کا بہترین طریقہ سے خیال رکھنے کے سلسلہ میں سول انتظامیہ کو پاک فوج کی طرف سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے عوامی شعور بیدارکرنے کی ضرورت ہے۔