آرمی چیف خرابی موسم کے باعث پارا چنار نہ جا سکے

بدھ 28 جون 2017 16:23

آرمی چیف خرابی موسم کے باعث پارا چنار نہ جا سکے
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 جون2017ء) آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے عید کا دن پاک فوج کے جوانوں کے ساتھ گزارا جبکہ پارا چنار کا دورہ موسم خرابی کے باغ نہ کرسکے تاہم آرمی چیف نے ملک میں مذہبی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لئے علما کرام سے ملاقاتیں کی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے عید کے دوسرے دن پارا چنار میں ہونے والے دھماکوں میں شہید افراد کے لواحقین سے ملنے کا اعلان کیا تھا لیکن موسم کی خرابی کے سبب وہ پارا چنار پہنچ نہ سکے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق موسم کی خرابی کے سبب آرمی چیف کا ہیلی کاپٹر پارا چنار میں لینڈنہیں کرسکا، موسم ٹھیک ہوتے ہی آرمی چیف دوبارہ پارا چنار روانہ ہوں گے۔

(جاری ہے)

ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ فوجی حکام پارا چنار واقعے کے لواحقین سے رابطے میں ہیں۔ قبل ازیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجودہ کا کہنا تھا کہ بطور پاکستانی اور مسلمان ہم سب متحد ہیں، دشمن کی فرقہ وارانہ بنیادوں پر ٹارگٹ کرنے کی سازش ناکام ہوگی، دہشت گردی پھیلانے کی دشمن کی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

واضح رہے کہ پارا چنار سبزی منڈی میں ہونے والے دھماکوں کے نتیجے میں اب تک 55 افراد شہید ہوچکے ہیں۔ دہشت گردی کے حالیہ واقعات اور سانحہ احمد پور شرقیہ کے بعد جنرل قمر جاوید باجوہ نے عید سادگی سے منائی ۔ گذشتہ روز آرمی چیف نے لائن آف کنٹرول پر جوانوں کے ساتھ سادگی سے عید منائی، نمازِ عید ادا کی اور ان کے ہمت و حوصلے کو سراہا۔لائن آف کنٹرول پر ہونے والی نمازعید میں پاکستان کے استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں، سپہ سالار نے جوانوں کو عید کی مبارک باد دی اور سب سے گلے بھی ملے۔ سپہ سالار کو اپنے درمیان پاکر نوجوانوں نے مسرت کا اظہار کیا اور انہیں عید کی مبارک باد پیش کی تھی۔