عالم اسلام کو مسائل کے حل کیلئے امریکہ سمیت کسی نام نہاد عالمی طاقت کی طرف دیکھنے کی بجائے اللہ سے رجوع کرنا چاہئے ‘ حافظ محمد ادریس

بدھ 28 جون 2017 16:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2017ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ عالم اسلام کو اپنے مسائل کے حل کیلئے امریکہ سمیت کسی نام نہاد عالمی طاقت کی طرف دیکھنے کی بجائے براہ راست اللہ تعالیٰ سے رجوع کرنا چاہئے ،حکمران امریکہ کی بجائے اللہ کے سامنے جھکتے تو آج امت کو اس ذلت اور خواری کا سامنا نہ کرنا پڑتا ،اگر پاکستان ،ترکی ،ایران اور سعودی عرب عالم اسلام کو پستی سے نکالنے کیلئے متحد ہوجائیں تو دنیا کی کوئی طاقت مسلمانوں کو غلبہ حاصل کرنے سے نہیں روک سکتی ،عالمی استعمار امت مسلمہ کو باہم دست و گریبان کرنے کیلئے شیطانی جال پھیلا رہا ہے،کشمیر ،فلسطین ،برما،شام اور افغانستان سمیت دنیا بھر میں مسلمانوں کے قتل عام پر عالم اسلام کے حکمرانوں کی بے حسی شرمناک ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں عید الفطر کی نماز کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امت اس وقت شدید پریشانی میں مبتلا ہے اور پورا عالم اسلام غم و اندوہ کی کیفیت میں مبتلا ہے ۔حافظ محمد ادریس نے کہا کہ وسائل سے مالا مال عالم اسلام اپنی نا اتفاقی اور باہمی اختلافات کی وجہ سے اسلام دشمن قوتوں کیلئے تر نوالہ بن چکا ہے ۔دنیا بھر میں مسلما نوں کا خون بہایا جارہا ہے لیکن ترکی کے سوا کسی مسلمان ملک کی طر ف سے اس کے خلاف کوئی آواز سنائی نہیں دیتی ۔

مسلم حکمرانوں کے غلامانہ رویے کی وجہ سے اقوام متحدہ سمیت کسی عالمی فورم پرمسلمانوں پر مسلط اس ظلم و جبر اور دہشت گردی کے خلاف کوئی آواز اٹھانے والا نہیں ،انہوں نے کہاکہ اگر ترکی کے ساتھ دوچار مسلم ممالک مل جائیں تو استعماری ایجنڈے کو ناکام بنایا جاسکتا ہے ۔ حافظ محمد ادریس نے کہا کہ آزادی کے باوجود 70سال سے ملک میں انگریز کا قانون جاری ہے ،حکمرانوں نے آزادی کیلئے دی گئی لاکھوں جانوں کی قربانیوں کو ضائع کر کے تحریک آزادی کے شہداء سے بے وفائی کی ہے ۔

ملک میں کرپشن اور لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم ہے جس کی وجہ سے عام آدمی کو تعلیم ،صحت ،روز گار جیسے مسائل کا سامنا ہے اور غربت اور پسماندگی نے عوام کی زندگی اجیرن کررکھی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر قومی وسائل کی لوٹ مار نہ ہوتی اور حکمران طبقہ قومی ان وسائل کو عوام پر خرچ کرتا تو آج ہمارا بچہ بچہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی غلامی کی زنجیروں میں نہ جکڑا ہوتا اورعوام کو غربت مہنگائی ،بدامنی ،دہشت گردی اورلوڈ شیڈنگ جیسے مسائل نے گھیرے میں نہ لے رکھا ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم معاشرے کا فرض ہے کہ وہ پسے ہوئے طبقہ کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنے کیلئے ان کی مالی مدد کرے اور معاشرے میں موجود بیوہ عورتوں یتیم بچوں اور مساکین و نادار لوگوں کواحساس محرومی سے نکالا جائے ۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کو جب بھی کوئی پکارتا ہے وہ نہ صرف اس کی پکار کا جواب دیتا ہے بلکہ اس کی حاجات کو بھی پورا کرتا ہے ،رمضان المبار ک اور عید الفطر کا اصل پیغام یہ ہے کہ مسلمان اپنے اللہ پر بھروسہ کریں ۔