سانحہ احمد پور شرقیہ کے زخمیوں کو ہسپتالوں میں منتقل کرنے کیلئے بھرپور اور موثر ریسکیو کا عمل شہباز شریف کی براہ راست نگرانی

وزیر اعلیٰ پنجاب کا ذاتی ہیلی کاپٹرزخمیوں کی صوبہ بھر کے ہسپتالوں کے برن یونٹس میں منتقلی کے عمل میں مصروف عمل ہے‘ترجمان حکومت پنجاب

بدھ 28 جون 2017 17:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 جون2017ء) سانحہ احمد پور شرقیہ کے نتیجہ میں زخمیوں کو ہسپتالوں میں منتقل کرنے کے لئے بھرپور اور موثر ریسکیو کا عمل وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی براہ راست نگرانی میں جاری ہے اور اس سلسلہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب کا ذاتی ہیلی کاپٹرزخمیوں کی صوبہ بھر کے ہسپتالوں کے برن یونٹس میں منتقلی کے عمل میں مصروف عمل ہے۔

یہ بات حکومت پنجاب کے ترجمان نے آج یہاں ریسکیو آپریشن کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتائے ترجمان نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب ریسکیو کے عمل کی نگرانی کے لئے بہاول پور میں قیام پذیر ہیں۔انہوںنے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر وفاقی وصوبائی وزرا،سیکرٹری ہیلتھ نجم شاہ ، ڈی جی ریسکیو 1122ڈاکٹر رضوان احمد ودیگر اعلیٰ حکام فوری طور پر لاہور سے بہاول پور جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور انہوںنے ضلعی انتظامیہ اور مقامی ڈویژنل ایمرجنسی سروس ریسکیو1122، محکمہ ہیلتھ ودیگر اداروں کی معاونت سے متحرک اور فعال ریسکیو آپریشن کے ذریعہ زخمیوں کو فوری طور پر بہاول وکٹوریہ ہسپتال اور کمبائنڈ ملٹری ہسپتال بہاول پور میں منتقل کیا گیا۔

(جاری ہے)

ترجمان نے مزید بتایا کہ ڈویژنل ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122کی59ایمبولینسز اور 120افسران واہلکاروں سمیت دیگر فلاحی اداروں نے اس ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا ۔انہوںنے بتایا کہ ابتدائی طور پر سی ایم ایچ بہاول پور میں 35مریض شفٹ کئے گئے جن میں سے 20زخمیوں کو لاہور اور 8کو الائیڈ ہسپتال فیصل آباد میں بذریعہ C-130منتقل کیا گیا۔ترجمان نے مزید بتایا کہ اس ریسکیو آپریشن میں پاک فوج کے 3عدد C-130طیاروں نے بھی حصہ لیا اور مجموعی طور پر 58زخمیوں کو ملتان برن یونٹ میں منتقل کیا گیا۔

انہوںنے بتایا کہ بہاول وکٹوریہ ہسپتال کے سرجیکل یونٹ میں 20مریض جبکہ شعبہ بچہ سرجری وارڈ میں 5زخمی بچے زیر علاج ہیں۔انہوںنے بتایا کہ بی وی ایچ میں ایمرجنسی نافذ ہے اور مریضوں کے علاج معالجہ ، نگہداشت اور دیکھ بھال کے لئے اعلیٰ طبی ماہرین اور پیرامیڈیکل سٹاف طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوںنے مزید بتایا کہ آخری مریض کی صحت یابی تک علاج معالجہ کا عمل جاری رہے گا۔