سانحہ احمد پورشرقیہ نے عید کو سوگوار اور پوری قوم کو غمگین کردیا ہے، سید منور حسن

بدھ 28 جون 2017 21:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 جون2017ء) جماعت اسلامی کراچی کی روایتی عید ملن یکم شوال کوادارہ نورحق میں منعقد ہوئی۔عید ملن میں جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر سید منور حسن نے خصوصی شرکت کی، عید ملن صبح 11بجے سے ایک بجے تک جاری رہی،عید ملن میں جماعت اسلامی کے دیگر رہنماؤں، ذمہ داران اور کارکنان شریک ہوئے اور عید کی مبارکبا د دی۔

عید ملن کے موقع کے پر سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عید خوشی اور مسرت کا دن ہوتا ہے، لیکن سانحہ احمد پورشرقیہ نے عید کو سوگوار اور پوری قوم کے دلوں کو غمگین کردیا ہے جس میں 140سے زائد افراد جل کا خاکستر ہوگئے ہیں اور سو سے زائد افراد زیر علاج ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اپنے دور ے کو مؤخر کرکے سانحے میں شہید ہونے والے لواحقین کے پاس جانے کا فیصلہ کیا ہے ، تمام سیاسی جماعتوں اور حکمرانوں کو چاہیئے کہ واقعے میں شہید ہونے والے لواحقین کے لیے مل کر کام کریں۔

(جاری ہے)

اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ پوری امت مسلمہ اور پاکستان کی عوا م کودلی عید مبارک پیش کرتا ہوں اور دعا کرتاہوں کہ اللہ ہماری نماز ، روزے اور عبادات قبول فرمائیں، انہوں نے کہا ہماری خارجہ پالیسی امریکہ اور ٹرمپ کے خیالا ت کی عکاسی کرتی ہے ،قطر کے خلاف اقدامات بلاجواز ہیں اور امت مسلمہ کو لڑانے کی کوشش کی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ رمضان المبار ک کے مہینہ میں عوام مشکلات کا شکار رہے ہیں ، لوڈشیڈنگ اور مہنگائی کے عذاب کا شکار رہے ہیں اور حکومت اور انتظامیہ اس سارے معاملے میںبے بس رہی ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اہل وطن اورپور ی امت مسلمہ کو عید مبارک ، عید دراصل روزے اور عبادات کے شکرانے کے طورپر منائی جاتی ہے ، انہوں نے کہا کہ سانحہ نے عید کی خوشیوں کو غم میں بدل دیا ہے ،بڑے بڑے شہروں میں برنس سینٹرز کا عدم قیام حکومت کی نااہلی ہے سانحہ احمد پور شرقیہ نے پوری قوم کو غمگین کردیا ہے جس پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا معاشرہ دولت اور لالچ کی حرص میں مبتلا ہوگیا ہے جس نے امیر اور غریب کو ایک ہی دوڑ میں لگادیا ہے ، سانحہ کے مقام پر عوام کس طرح آئل جمع کرنے میں مصروف تھے یہ ایک معاشرتی مسئلہ ہے جسے ایڈریس کرنا چاہیے ،قوم اور حکمرانوں کو سوچنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی عید اس وقت ہوگی جب پاکستان اسلامی پاکستان ہوگا اور اس میں عادلانہ نظا م ہوگا۔

اس مو قع پر جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیرراشد نسیم ،امیر جماعت اسلای سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی ،نائب امیر صوبہ سندھ محمد حسین محنتی ، جماعت اسلامی کراچی کے سکریٹری عبد الوہاب ،نائب امراء مظفر احمد ہاشمی ، ڈاکٹر اسامہ رضی ، مسلم پرویز، ڈاکٹر واسع شاکر ،محمد اسلام ،ڈپٹی سیکریٹر راشد قریشی ،انجنیئر عبد العزیز ،سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ،ڈپٹی سکریٹری محمد اقبال ،امراء اضلاع منعم ظفر خان ،عبد الرزاق خان ، عبد الرشید،عبد الجمیل ، قائم مقام امیرضلع شرقی افتخار احمد، جمعیت اتحاد العلماء کے مرکزی رہنما قاری ضمیر اختر منصوری ،JIیوتھ کراچی کے صدر بلال رمضان اور دیگر شخصیات میں جمعیت الفلاح کے جنرل سکریٹری قمر محمد خان ، فاران کلب کے جنرل سکریٹری ندیم اقبال ایڈوکیٹ ، معروف ادبی شخصیت جہانگیر خان اوردیگر بھی موجود تھے۔

دریں اثناء جماعت اسلامی کراچی کی روایتی عید ملن میں جماعت اسلامی اقلیتی ونگ کے رہنماء یونس سوہن ایڈوکیٹ کی زیر قیادت اقلیتی نمائندوں کے وفد نے شر کت کی اور جماعت اسلامی کے سابق امیر سید منور حسن اور دیگر رہنما?ں سے ملاقات کی۔ وفد میں پرویز برکت ،بشپ خادم بھٹو ، پادری ولسن ،سیموئل نذیر،آنر ہارون اور دیگر شامل تھے۔اقلیتی نمائندوں نے اقلیتی برادری کی طرف سے جماعت اسلامی کے قائدین کو کیک پیش کیا اور عید کی مبارک باد دی۔

متعلقہ عنوان :