مقبوضہ کشمیر ،ْ بھارتی فائرنگ سے حریت پسند کمانڈر اور خاتون سمیت 4 افراد شہید

قابض فوج کا لشکر طیبہ کے اعلیٰ کمانڈر بشیر لشکری سمیت 2 حریت پسندوں کو قتل کرنے کا دعویٰ ریاستی مظالم کے خلاف ڈالیگام میں کشمیری عوام سڑکوں پر نکل آئے ،ْ شدید احتجاج

ہفتہ 1 جولائی 2017 16:33

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2017ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فائرنگ سے حریت پسند کمانڈر اور خاتون سمیت 4 افراد شہید ہوگئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق وادی کشمیر میں قابض فوج نے لشکر طیبہ کے اعلیٰ کمانڈر بشیر لشکری سمیت 2 حریت پسندوں کو قتل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ضلع اسلام آباد کے علاقے ڈالیگام میں بھارتی فوج نے خفیہ اطلاع ملنے پر ایک مکان کا گھیراؤ کرلیا ،ْفائرنگ کا تبادلہ کئی گھنٹے تک جاری رہا اور فورسز نے بھاری ہتھیاروں کے استعمال کرکے مکان کو مکمل طور پر تباہ کردیا جس کے نتیجے میں بشیر لشکری اور آزاد ملک شہید ہوگئے۔

کٹھ پتلی حکومت نے بشیر لشکری کو 16 جون کو ضلع اسلام آباد میں پولیس قافلے پر حملے کا ذمہ دار قرار دیا جس میں 6 اہلکار مارے گئے تھے۔

(جاری ہے)

ریاستی مظالم کے خلاف ڈالیگام میں کشمیری عوام سڑکوں پر نکل آئے اور شدید احتجاج کیا۔ ظالم فوج نے نہتے کشمیریوں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں خاتون سمیت مزید دو شہری جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ شاداب چوپان نے موقع پر ہی دم توڑ دیا ،ْ 44 سالہ خاتون طاہرہ بیگم کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ چل بسیں۔

مقامی افراد کے مطابق قابض افواج عام شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہی ہیں ،ْ حکومت نے احتجاج کو کچلنے کے لیے علاقے میں تعلیمی ادارے اور انٹرنیٹ سروس بند کرتے ہوئے کرفیو جیسی حالت نافذ کردی ہے۔علاوہ ازیں کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق جون 2017 میں بھارتی فوج کے ہاتھوں دو بچوں سمیت 37 کشمیریوں نے جام شہادت نوش کیا، جب کہ 775 افراد زخمی ہوئے۔