پشاور ہائیکورٹ نے نیب کو فاٹا میں قائم اسٹیل ملوں سے بجلی کے واجبات کی ریکوری سے روک دیا

ہفتہ 1 جولائی 2017 19:44

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جولائی2017ء) پشاور ہائیکورٹ نے قومی احتساب بیورو (نیب) کو فاٹا میں قائم اسٹیل ملوں سے بجلی کے واجبات کی ریکوری سے روک دیا، میڈیا رپورٹس کے مطابق پشاور ہائیکورٹ نے جمعہ کے روز ایک دائر کردہ پٹیشن کے جواب میں نیب کو بجلی واجبات کی ریکوری سے روکنے کا حکم دیا، پٹیشن میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ قبائلی علاقہ جات سے بجلی واجبات کی ریکوری نیب کے دائرہ اختیار میں نہیں جس کے بعد پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد ابراہیم خان اور جسٹس محمد ناصر محفوظ نے نیب کو اگلے عدالتی حکم تک کام کرنے سے روک دیا، جبکہ وزارت سیفرون، سیکرٹری پانی و بجلی، واپڈا کے ایم ڈی، ٹرائبل ایریا الیکٹرک سپلائی کمپنی اور نیب خیبرپختونخواہ کے ذریعے وفاقی حکومت کو اگلی سماعت سے قبل جواب داخل کرنے کا نوٹس بھی جاری کر دیا، عدالتی بینچ نے فاٹا کے رہائشی محمد عمر اور میسرز عمر اسٹیل فرنس کے مالک کی جانب سے وکلاء شمائل احمد بٹ اور ایچ بلال خان کے ذریعے دائر کردہ رٹ پٹیشن سے متعلق ہدایات بھی جاری کیں۔