چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کی ہدایت پر کوہاٹ جیل سے معمولی نوعیت کے مقدمات میں60قیدیوں کو رہا کردیا گیا

اتوار 2 جولائی 2017 21:41

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 جولائی2017ء) کوہاٹ جیل سے معمولی نوعیت کے مقدمات میں60قیدیوں کو رہا کردیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ یحیٰ آفریدی کی خصوصی ہدایت پر کوہاٹ جیل میں کیمپ کورٹ کا انعقاد کیا گیا ۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کوہاٹ احمد سلطان ترین کی سربراہی میںمنعقدہ کیمپ کورٹ میں ماتحت عدالتوں کے دو ججوں سول جج viiاور جوڈیشل مجسٹریٹ( I)شیراز طارق نے بھی معمولی نوعیت کے مقدمات کی سماعت کرتے ہوئے ان مقدمات میں ملوث قیدیوں کے کیسز نمٹائے اور 60قیدیوں کی رہائی کے احکامات جاری کردئیے ۔

(جاری ہے)

بعد ازاں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کوہاٹ نے ماتحت ججز کے ہمراہ جیل کے مختلف حصوں کا دورہ کرتے ہوئے قیدیوں کے مسائل سنے اور جیل حکام کو اس سلسلے میں ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔انہوں نے جیل کی بیرکوں اور لنگر خانے کے دورے کے موقع پر قیدیوں کی فلاح و بہبود اور صفائی کے حوالے سے سختی سے تاکید کرتے ہوئے حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق انتظامات کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی بھی ہدایات جاری کردیں۔کوہاٹ جیل میںکیمپ کورٹ کے دوران ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کوہاٹ کے حکم پر رہائی پانیوالے 60قیدیوں کو جیل حکام نے بعد ازاںرہا کردیا ہے ۔