پروفیسر محمد ابراہیم خان کی جماعت اسلامی بنوں کے کارکن محمد قدوس کے بیٹے کو نامعلوم رہزنوں کی جانب گولی مارنے کے واقعے کی شدید مذمت،صوبائی حکومت سے مجرموں کو جلد از جلد گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ

بدھ 5 جولائی 2017 23:37

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 جولائی2017ء) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے عیدالفطر کے پہلے روز جماعت اسلامی بنوں کے کارکن محمد قدوس کے بیٹے کو نامعلوم رہزنوں کی جانب سے لوٹنے اور بعد ازاں مزاحمت پر گولی مارنے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ رہزنی اور لوٹ مار کے واقعات میں اضافہ تشویش ناک ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پولیس نے رہزنوں کی گرفتاری کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن گیارہ دن گزرنے کے باوجود پولیس ابھی تک مجرموں کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوںنے صوبائی حکومت ، آئی جی پولیس خیبر پختونخوا اور ڈی آئی جی بنوں سے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث مجرموں کو جلد از جلد گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دے۔ واضح رہے کہ جماعت اسلامی کے کارکن محمد قدوس کے بیٹے معراج الحق کو عید الفطر کے پہلے روز منڈان پارک بنوں میں دو نامعلوم رہزنوں نے لوٹنے کی کوشش کی۔ مزاحمت پر مسلح رہزنوں نے معراج کو گولی ماردی جو معراج الحق کی ریڑھ کی ہڈی میں لگنے سے ان کا نچلا دھڑ مفلوج ہوگیا ہے۔