دشمن کے بزدلانہ حملے اور ہتھکنڈے نیشنل پارٹی کو قومی حقوق کی جدوجہد سے دست بردار نہیں کروا سکتے،ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

جمعرات 6 جولائی 2017 15:24

دشمن کے بزدلانہ حملے اور ہتھکنڈے نیشنل پارٹی کو قومی حقوق کی جدوجہد ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جولائی2017ء) نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے پنجگور کے علاقے پروم میں صوبائی وزیر صحت رحمت صالح بلوچ ،رکن صوبائی اسمبلی حاجی اسلام بلوچ اور پارٹی کے دیگر قائدین کے قافلے پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن کے بزدلانہ حملے اور ہتھکنڈے نیشنل پارٹی کو قومی حقوق کی جدوجہد سے دست بردار نہیں کروا سکتے،اگر کوئی سمجھتا ہے کہ وہ بندوق کی نوک پر نیشنل پار ٹی کو اسکے ایجنڈے سے ہٹا دے گا تو وہ انکی غلط فہمی ہے ،انہوں نے یہ بات جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفر نس کر تے ہوئے کہی ،اس موقع پرنیشنل پارٹی کے مرکزی جنر ل سیکرٹری طاہر بزنجو ،ٹکری شفقت لانگو و دیگر بھی انکے ہمراہ تھے ،ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ صوبائی وزیر صحت رحمت صالح بلوچ،رکن اسمبلی حاجی اسلام بلوچ اور پارٹی کے دیگر رہنما ء پروم کے علاقے میں منعقدہ جلسے میں شرکت کے لئے جارہے تھے کہ نا معلوم حملہ آوروں نے پارٹی رہنمائوں پر راکٹوں سے حملہ کیا اور شدید فائرنگ کی تاہم خوش قسمتی سے تمام رہنما ء محفوظ رہے ،انہوں نے کہا کہ دشمنوں نے نیشنل پارٹی کو قومی حقوق کی جدو جہد سے ہٹا نے کے لئے ہمارے دفاتر اور کارکنوں پر حملے کئے جس میں 40سی45کارکنوں اوررہنما ء شہید ہوئے لیکن نیشنل پارٹی روزاول سے اپنے موقف پر قائم ہے اور آئندہ بھی رہے گی ،انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی قوم دوست اور شعوری لوگوں کی جماعت ہے جو وفاق میں رہتے ہوئے قومی حقوق کی جدوجہد کر رہی ہے اگر کوئی سمجھتا ہے کہ وہ بندوق کی نوک پر نیشنل پارٹی کو ایجنڈے سے ہٹا دے گا تو انکی غلط فہمی ہے ،انہوں نے کہا ہم دشمنوں کو واضع پیغا م دینا چاہتے ہیں کہ پر تشدد عمل اور منفی ہتھکنڈوں سے ہم نہ پہلے خوفزدہ ہوئے ہیں نہ آئندہ ہونگے بلکہ اس سے ہماری جدو جہد میں مزید نکھار اور مضبو طی آئے گی، انہوں نے عوام اور قوم دوست رہنمائوں سے بھی اس منفی عمل کی مذمت کر نے کی اپیل کی ،نیشنل پارٹی کے مرکز ی جنرل سیکر ٹری طاہر بزنجو نے کہا کہ نیشنل پارٹی نے ہمشیہ منفی سیاست اور تشدد کی مذمت کی ہے اور اسکی حوصلہ شکنی کر تے ہوئے آئی ہے انہوں نے کہا کہ ہم اپنے اصولی موقف پر قائم ہیں اور نیشنل پارٹی سمجھتی ہے کہ یہی موقف بلوچستان کے حق میں بھی ہے جبکہ ہم آئندہ بھی اپنے مشن کو جاری و ساری رکھیں گے ۔