کوئٹہ ، سردار اختر مینگل کی پارٹی رہنماء شہید ملک نوید دہوارکی ٹارگٹ کلنگ کی مذمت

یہ ایک بزدلانہ اور سفاک اقدام ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ،بیان

جمعہ 7 جولائی 2017 00:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جولائی2017ء) بلوچستان نیشنل پارٹی کے قائد سردار اختر جان مینگل نے اپنے پارٹی کے مرکزی رہنماء شہید ملک نوید دہواراور ان کے ساتھی شہید ظریف دہوارکی ٹارگٹ کلنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بزدلانہ اور سفاک اقدام ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے شہید ملک نوید دہوار اور اس کے ساتھی کی شہادت سے پارٹی قیادت اور رہنمائوں کے حوصلے پست ہوں گے نہ ہی ایسے اقدامات سے پارٹی قیادت و ورکروں کو جدوجہد سے دور رکھا جاسکے گا ثابت قدمی ، مستقل مزاجی اور بلند حوصلوں کے ساتھ جدوجہد مزید پروان چڑھے گی اور تقویت حاصل ہو گی پارٹی قائد نے پارٹی کے بزرگ رہنماء اور سردار عطاء اللہ مینگل کے رفیق ملک سیف الدین دہوار سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے ان کے بھتیجے اور پارٹی رہنماء ملک نوید دہوار کی ساتھی سمیت ٹارگٹ کلنگ پر دلی افسوس کا اظہار کیااور شدید مذمت کی اور کہا کہ مجھ سمیت پارٹی قیادت و کارکن غم کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ہیں انہوں نے ملک نوید دہوار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک نوید دہوارسمیت ان کے پورے خاندان نے ہر مستقل میں پارٹی کا ساتھ دیا ان کی سچی وابستگی اور قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا ان کی شہادت سے بننے والا خلاء کبھی پر نہیں ہو سکتا دریں اثناء ٹارگٹ کلنگ کے نشانہ بننے والے بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء ملک نوید دہوار شہید کی نماز جنازہ کھنڈ مستونگ اور ان کے ساتھی شہید ظریف دہوارکی نماز جنازہ قلات میں ادا کر دی گئی مرحوم ملک نور احمد دہوار کے فرزند، ملک سیف الدین دہوار کے بھتیجے ، کے بی رئیسانی ، میرطارق رئیسانی اور عدنان رئیسانی کے بہنوئی تھے نماز جنازہ میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی قائمقام صدر ملک عبدالولی کاکڑ ، سیکرٹری جنرل سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی ،پرنس آغا موسی جان ،مرکزی سیکرٹری اطلاعات آغا حسن بلوچ ایڈووکیٹ ، مرکزی فنانس سیکرٹری ملک نصیر شاہوانی ، ہیومن رائٹس سیکرٹری موسی بلوچ ، منظور بلوچ ،اختر حسین لانگو ، غلام نبی مری ، رئوف مینگل ، یعقوب بلوچ ، میر نذیر حسین کھوسہ ، حیدر بلوچ ، بسمل بلوچ ، جاوید بلوچ ، سردار عمران بنگلزئی ، جمال لانگو سمیت دیگر سیاسی سماجی قبائلی رہنمائوں ڈپٹی میئر یونس بلوچ ، سابق صوبائی وزیر یونس ملازئی ، رئیس حیدر خان ، میر صمد ملازئی ، ارباب افضل دہوار ، نوابزادہ شادین شاہوانی ، میر سکندر ملازئی ، خلیل زمان علی زئی ہزاروں افراد نے نماز جنازہ میں شرکت کی شہید کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کھنڈ مستونگ اور ان کی ساتھی کی فاتحہ خوانی قلات میں جاری ہے پارٹی بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک نوید دہوار ان کی ساتھی کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان آج کیا جائیگا ۔