جولائی کو جے آئی ٹی رپورٹ جمع کرائے گی ہم داسو پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے، نواز شریف

کچھ ماہ قبل جس جگہ پر کھیت اور میدان تھے آج اتنا بڑا منصوبہ تیار ہوچکا ہے، اتنے کم عرصے میں کسی پاور پلانٹ کا ایک سیکشن تیار نہیں ہوسکتا، وزیراعظم ’آج انڈسٹری چل رہی ہے، کسانوں کے ٹیوب ویل چل رہے ہیں، بجلی بحران حل ہورہا ہے ،مخالفین ہزار بار آسمان سر پر اٹھا لیں ہمیں خدمت سے نہیں روک سکتے ہمارے مخالفین ہم سے الیکشن جیت نہیں سکتے صرف سازش کرتے ہیں، آپ دھرنے اور احتساب کی آڑ میں سازش کرتے ہیں، کبھی جے آئی ٹی کی آڑ میں چھپتے ہیں، ان چیزوں کے پیچھے چھپنے کے بجائے میدان میں آکر مقابلہ کرو، آؤ میدان میں جب کہو گے ہم میدان میں آنے کے لیے تیار ہیں،حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ کے 760 میگاواٹ کے پہلے یونٹ کا افتتاح کے موقع پر خطاب

جمعہ 7 جولائی 2017 20:47

جولائی کو جے آئی ٹی رپورٹ جمع کرائے گی ہم داسو پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد ..
جھنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جولائی2017ء) وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ 10 جولائی کو جے آئی ٹی رپورٹ جمع کرائے گی ہم داسو پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے جبکہ مخالفین ہزار بار آسمان سر پر اٹھا لیں ہمیں خدمت سے نہیں روک سکتے۔حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ ’کچھ ماہ قبل جس جگہ پر کھیت اور میدان تھے آج اتنا بڑا منصوبہ تیار ہوچکا ہے، اتنے کم عرصے میں کسی پاور پلانٹ کا ایک سیکشن تیار نہیں ہوسکتا اور اب ہر ماہ کوئی نہ کوئی منصوبہ افتتاح کیلئے تیار ہو رہا ہے۔

‘انہوں نے کہا کہ ’پاکستان میں منصوبوں کی تیز ترین تکمیل کی نئی روایت قائم ہو رہی ہے، مختصر مدت میں بڑے بڑے منصوبے مکمل ہورہے ہیں، پاکستان میں روشنیاں واپس لوٹ رہی ہیں، کارخانے چل پڑے ہیں اور سیاحت بڑھ رہی ہے۔

(جاری ہے)

حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ کے 760 میگاواٹ کے پہلے یونٹ کا افتتاح کرتے ہوئے ‘نواز شریف کا کہنا تھا کہ ’جب سے حکومت سنبھالی 7 ہزار میگاواٹ بجلی کا اضافہ ہوچکا ہے، سیاحت اتنی بڑھ گئی ہے کہ ہوٹل کم پڑنے لگے ہیں، ملک میں آج سیاحوں کی بڑی تعداد پرفضا مقامات کی سیر کر رہی ہے جبکہ لوگوں کی آمدنی بڑھ رہی ہے۔

‘انہوں نے کہا کہ ’آج انڈسٹری چل رہی ہے، کسانوں کے ٹیوب ویل چل رہے ہیں، نئے منصوبے لوگوں کو یقین دلارہے ہیں کہ انڈسٹری لگائیں بجلی آرہی ہے، ترقی کی شرح 5 فیصد تک پہنچ چکی ہے، یقین ہیکہ 7 فیصد سے بھی آگے جائیں گے۔‘ان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے حکومت میں آتے ہی پاور پلانٹس کی منصوبہ بندی شروع کردی، لوڈشیڈنگ کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے جارہے ہیں، ملک میں لوڈشیڈنگ مجرمانہ غفلت کی وجہ سے بڑھی، لوڈشیڈنگ کے ذمہ داروں سے پوچھتا ہوں کہ ملک کو اندھیرے میں کیوں دھکیلا، جنہوں نے ملک میں اندھیرے کیے آج کہتے ہیں کہ نواز شریف کس طرح بجلی لا رہے ہیں، لیکن ہم بجلی پیدا کرکے احسان نہیں کر رہے بلکہ ملک و قوم کی خدمت کر رہے ہیں، جبکہ مخالفین کو تکلیف ہی یہی ہے کہ پاکستان ترقی کر رہا ہے۔

‘وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ’ملکی ترقی کے مخالفین کی کمی نہیں ہے، غیر یقینی صورتحال پر اسٹاک مارکیٹ نیچے آئی، روپے کی قیمت گری لیکن ترقی روکنے والوں اور ملک کو بجلی سے محروم کرنے والوں کا کڑا احتساب کریں گے۔‘انہوں نے پاناما لیکس کی تحقیقات کرنے والے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’10 جولائی کو جے آئی ٹی رپورٹ جمع کرائے گی، ہم داسو پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے جس سے 4 ہزار 500 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی، بھاشا ڈیم بھی تقریباً تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جو بجلی ہی نہیں بلکہ کاشتکاروں کے لیے پانی بھی مہیا کرے گا۔

‘نواز شریف نے مخالفین کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’مخالفین 4 سال سے جو کچھ کر رہے ہیں قوم اسے جانتی ہے، جنہوں نے آسمان سر پر اٹھا رکھا ہے انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ آپ ہزار بار آسمان سر پر اٹھا لیں ہمیں قوم کی خدمت سے نہیں روک سکتے، آپ کو یہی کام ملا ہے آپ اپنا کام کرتے رہیں ہم اپنا فرض پورا کریں گے۔‘ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارے مخالفین ہم سے الیکشن جیت نہیں سکتے صرف سازش کرتے ہیں، آپ دھرنے اور احتساب کی آڑ میں سازش کرتے ہیں کبھی جے آئی ٹی کی آڑ میں چھپتے ہیں، ان چیزوں کے پیچھے چھپنے کے بجائے میدان میں آکر مقابلہ کرو، آؤ میدان میں جب کہو گے ہم میدان میں آنے کے لیے تیار ہیں۔

‘قبل ازیں وزیر اعظم نواز شریف نے جھنگ کے قریب حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ کے 760 میگاواٹ کے پہلے یونٹ کا افتتاح کیا۔۔