یوتھ فورم فار کشمیرکے زیر اہتمام کشمیری حریت پسند رہنماء برہان وانی کے یوم شہادت پر پنجاب اسمبلی سے لاہورپریس کلب تک ریلی

ہفتہ 8 جولائی 2017 20:38

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2017ء) کشمیری حریت پسند رہنماء نوجوانوں کے ہر دل عزیز لیڈر برہان وانی کے یوم شہادت کے موقع پر یوتھ فورم فار کشمیرکی جانب سے پنجاب اسمبلی سے لاہورپریس کلب تک ریلی کا انعقاد کیا گیا ،ریلی میں مختلف سیاسی ، سماجی ،مذہبی ، نوجوان، تاجراورکشمیری تنظیموں کے رہنمائوں نے شرکت کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے چیف آرگنائزر طارق احسان غوری نے کہا کہ بھارتی حکمرانوں نے جدوجہد آزادی کشمیر کو دبانے کیلئے ظلم و جبر اور فسطانیت کی انتہا کر رکھی ہے، بھارتی سیکورٹی فورسز نے گذشتہ ایک سال میں سینکڑوں بے گناہ کشمیریوں کو شہید اور ہزاروں کو زخمی و معذور کر دیا ہے۔

جدوجہد آزادی کشمیر فیصلہ کن مرحلہ میں داخل ہو چکی ہے ۔

(جاری ہے)

طارق احسان غوری نے کہا کہ برہان وانی نے آزادی کی جو شمع اپنے خون سے روشن کی ہے ہم اسے بجھنے نہیں دینگے۔ اقوام متحدہ کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ کشمیریوں کیلئے منطور کردہ حق خود ارادیت کی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے تاکہ کشمیری امن کی زندگی گزار سکیں ۔دختران کشمیر کی ڈاکٹر رابعہ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت نے بوکھلاہٹ میں کشمیریوں کا قتل عام شروع کر دیا ہے ۔

مجلس کشمیر کے حافظ محمد عتیق نے کہا کہ آزادی کے مجاہدوں اور کشمیری قائدین کو پابند سلاسل کر رکھا ہے،ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں ۔ریلی کے شرکاء نے کشمیر بنے گا پاکستان "وانی تیرے خون سے انقلاب آئے گا "حق خود ارادیت کشمیریو ں کا حق کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے ۔