تحریک حریت کا وفد سخت کرفیواور پابندیوں کے باوجودشہید برہان وانی کے گھر پہنچنے میں کامیاب

قابض انتظامیہ مظالم ڈھاکر ایک بار پھر عوام کو سڑکوں پر آنے کے لئے مجبور کررہی ہے‘ بشیر احمد قریشی

ہفتہ 8 جولائی 2017 19:50

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2017ء) مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین سید علی گیلانی کی ہدایت پرپارٹی کا ایک وفدسخت کرفیو اور پابندیوںکے باوجود ترال میں شہیدبرہان مظفر وانی کے گھر پہنچنے میں کامیاب ہوا اور وہاں پر منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق وفد میں پارٹی رہنما بشیر احمد قریشی ،مدثر ندوی ،عمر عادل ڈار ،سجاد احمد پالا ،سجاد احمد اور عبدالاحد شامل تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بشیر احمد قریشی نے کہا کہ قابض انتظامیہ مظالم ڈھاکر ایک بار پھر عوام کو سڑکوں پر آنے کے لئے مجبور کررہی ہے ۔انہوں نے ترال میں بڑے پیمانے پر فوجی جمائو ، سخت پابندیوں اور رکاوٹوںکی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قابض انتظامیہ پُر امن سیاسی سرگرمیوں پر بے جا پابندیاں عائد کرکے مقبوضہ علاقے میں گھٹن کا ماحول پیدا کررہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے شہید برہان کی پہلی برسی پر ترال میں کرفیو نافذ کرنے ،نوجوانوںکو تھانوں میں بلانے ،اُن کے موٹر سائیکل چھیننے اور دیگر مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قابض حکمران شہید برہان کے ساتھ عوام کی والہانہ عقیدت سے انتہائی خوفزدہ ہیں اور اسی لئے ہمیں ان کو خراج عقیدت پیش کرنے سے روکنے کے لئے مظالم ڈھارہے ہیں۔ انہوںنے شہید برہان کو قافلہ شہداء کاروشن ستارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ برہان وانی نے عظیم قربانی پیش کرکے قابض قوتوں کے خلاف سر اٹھانے کی رسم کو زندہ کیا ۔

انہوں نے گزشتہ سال عوامی مزاحمت کے دوران شہید ہونے والے کشمیریوں سمیت تمام شہدائے جموں و کشمیر کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان شہداء کے مشن کواس کے منطقی انجام تک جاری رکھیں گے ۔ تقریب میں شہید برہان وانی کے والد مظفر احمد وانی نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :