فاٹاانضمام پختونوں کادیرینہ مطالبہ ہے ،جس سے قبائلی عوام قومی دھارے میں شامل ہو جائیں جوپختونوں کی یکجہتی واتحادکیلئے ناگزیر ہے، اگرفاٹا کے انضمام کو پیچھے دھکیلنے کی کوشش کی گئی تو قومی وطن پارٹی دیگر ہم خیال جماعتوں کے ساتھ مل کرفاٹا کے عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے کسی احتجاجی عمل سے بھی دریغ نہیں کرئیگی

صوبائی چیئرمین قومی وطن پارٹی سکندر حیات خان شیرپاؤ کا پریس کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 8 جولائی 2017 22:17

فاٹاانضمام پختونوں کادیرینہ مطالبہ ہے ،جس سے قبائلی عوام قومی دھارے ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 جولائی2017ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین و سینئر صوبائی وزیر سکندر حیات خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ فاٹاانضمام پختونوں کادیرینہ مطالبہ ہے جس سے قبائلی عوام قومی دھارے میں شامل ہو جائیں ،یہ پختونوں کی یکجہتی واتحادکیلئے ناگزیر ہے،اگرفاٹا کے انضمام کو پیچھے دھکیلنے کی کوشش کی گئی تو قومی وطن پارٹی دیگر ہم خیال جماعتوں کے ساتھ مل کرفاٹا کے عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے کسی احتجاجی عمل سے بھی دریغ نہیں کرے گی۔

وہ بروز ہفتہ وطن کور پشاور میں ایک شمولیتی پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ضلع چارسدہ کے سینئر نائب صدروھاب خان نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

سکندر شیرپائو نے کہا کہ فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام کے حوالے مزید تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی کیونکہ اس سلسلے میں پختون قبائل نے جو قربانیاں دی ہیں وہ رائیگان چلی جائیں گی۔

انھوں نے مطالبہ کہ فاٹا کو خیبر پختونخوا میں فوری طور پرشامل کیا جائے تاکہ وہ قومی دھارے میں اپنا کردار ادا کر سکے بصورت دیگر قومی وطن پارٹی فاٹا کے عوام کے حقوق کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت 18ویں آئینی ترمیم کے روح کے منافی چھوٹے صوبوں کے حقوق کو نظر انداز کر رہی ہے جس سے وفاقی اکائیوں میں احساس محرومی بڑھ رہی ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبے ایک مخصوص صوبہ تک محدود کئے گئے ہیں اورپختونوں کو ان کے جائز حقوق بھی نہیں دیئے جارہے ہیں بدیں طوران کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انھوں نے خارجہ پایسی پر نظر ثانی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی منظر نامے پر جو نئے اتحاد بن رہے ہیں ان کے اثرات سے ہمارا ملک متاثر ہو گا اس لئے ایسی خارجہ پایسی مرتب کی جائے جو ملک وقوم کے بہترین مفاد میں ہواورخطے میں پائیدارامن کاباعث بن سکے۔

انھوں نے خیبر پختونخوا میں جاری لوڈشیڈنگ پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ظالمانہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے اور صوبہ کی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔انھوں نے کہا کہ طویل لوڈشیڈنگ میں کمی کیلئے فوری اور ٹھوس اقدامات کئے جائیں تاکہ یہا ں کے عوام سکھ کا سانس لے سکے اور صوبہ میں ترقی و خوشحالی کا پہیہ جاری و ساری رہے۔

انھوں نے منڈا ڈیم کو جلد از جلدپایہ تکمیل تک پہنچانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت اس کیلئے خصوصی فنڈزمہیا کرنے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے۔انھوں نے کہا کہ تعمیر و ترقی اور یہاں کے عوام کی خوشحالی کے حامل اس منصوبے کی تکمیل میں مزید تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔انھوں نے کہا کہ عوام کے اندر اتحاداور اتفاق قومی وطن پارٹی کا نصب العین ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ پختون معاشی اور سماجی ترقی حاصل کرے۔انھوں نے کہا کہ ہم تمام پختونوں کو متحد کر رہے ہیں تاکہ ان کے حقوق ایک پر امن اور باوقار سیاسی جدوجہد کے ذریعے حاصل کی جاسکے۔