ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے اورترقی کے سفر میں روڑے اٹکانے والوںکو قوم کبھی معاف نہیں کریگی‘شہبازشریف

دو دہائیوں سے چھائے اندھیرے دورہونے کی گھڑی آگئی ہے،قوم مسلم لیگ(ن) کے تاریخی کارنامے کو ہمیشہ یادرکھے گی توانائی منصوبوں کی برق رفتاری اورشفافیت سے تکمیل ، نوازشریف کے تاریخی کردارکو تاریخ میں سنہری حروف سے لکھاجائیگا ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے والے سی پیک کے جھوٹے دعویدار بن بیٹھے ہیں،سابق حکمرانوں نے بجلی بحران ختم کرنیکی بجائے لوٹ مار کی وسائل کی لوٹ مار اور دھرنوں کی آڑ میں معیشت کیساتھ گھناؤنا کھیل کھیلا گیا،بیروزگاری اور اندھیرے سابق حکمرانوں کی کرپشن کے تحفے ہیں پاکستان کی قسمت کیساتھ سفاک کھیل کھیلنے والے عوام کے خیر خواہ نہیں،ان عناصر نے مسائل میں اضافہ کر کے عوام دشمنی کا ثبوت دیا ‘وزیراعلیٰ پنجاب

اتوار 9 جولائی 2017 18:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں اندھیروں سے روشنیوں کی جانب سفر طے ہونے کو ہے اورملک میں دو دہائیوں سے چھائے اندھیرے دورہونے کی گھڑی آگئی ہے ،قوم بجلی کے بحران کے خاتمے کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے تاریخی کارنامے کو ہمیشہ یادرکھے گی اورتوانائی منصوبوں کی برق رفتاری اورشفافیت سے تکمیل کے حوالے سے نوازشریف کے تاریخی کردارکو تاریخ میں سنہری حروف سے لکھاجائیگا۔

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ(ن) کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،جس نے ان سے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک بھر میں توانائی کے منصوبے تیزرفتاری سے تکمیل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

1320میگاواٹ کا ساہیوال کول پاور پلانٹ 22ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیاگیا ہے،اسی طرح بھکھی گیس پاور پلانٹ سے بھی ریکارڈ مدت میںبجلی کی پیداوار شروع ہوچکی ہے جبکہ حویلی بہادرشاہ گیس پاور پلانٹ کے پہلے مرحلے میں 760میگاواٹ بجلی کی پیداوار شروع ہوگئی ہے اورقائد اعظم سولرپارک بہاولپور میں 400میگاواٹ کے بجلی کے منصوبے مکمل ہوچکے ہیں،بلاشبہ بجلی کے منصوبوں کی تیزرفتاری سے تکمیل کے عالمی ریکارڈ بن رہے ہیں ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے جب اقتدار سنبھالا تو توانائی کا مسئلہ بہت گھمبیر صورت اختیار کرچکا تھا۔ غربت،افلاس ،بے روزگاری اوربجلی کے اندھیرے سابق حکمرانوں کی کرپشن کے تحفے ہیں۔سابق کرپٹ حکمرانوں نے قومی وسائل کی لوٹ مار کر کے اپنی جیبیں تو بھریں لیکن بجلی بحران کے خاتمے پر کوئی توجہ نہ دی۔نندی پور پاورپلانٹ بھی انہیں لٹیروں کی ہوس زر کا شکار ہوا ہے ۔

اگر سابق حکمران وسائل کی لوٹ مار کی بجائے بجلی بحران کے خاتمے پر توجہ دیتے تو شاید ملک اندھیروں میں نہ ڈوبتا۔ایک طرف وسائل کی لوٹ مار کرنے والے سابق حکمران ہیں تو دوسری طرف منفی طرز سیاست سے قوم کی مشکلات بڑھانے والے عناصر ہیں۔ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے اورترقی کے سفر میں روڑے اٹکانے والوںکو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے والے آج سی پیک بنانے کے جھوٹے دعویدار بن بیٹھے ہیں ۔

وسائل کی لوٹ مار اور دھرنوں کی آڑ میں پاکستان کی معیشت کیساتھ گھناؤنا کھیل کھیلا گیا۔پاکستان کی قسمت کے ساتھ سفاک کھیل کھیلنے والے کسی صورت عوام کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے ۔ان عناصر نے عوام کے مسائل میں اضافہ کر کے عوام دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔انہوںنے کہا کہ چین کا اربوں ڈالر کا تاریخ ساز اقتصادی پیکیج وزیراعظم نوازشریف کی قیادت اورپالیسیوں پر اظہار اعتماد ہے ۔

36ارب ڈالر کی سرمایہ کاری توانائی کے منصوبوں میںکی جاری ہے ۔چین کی بے مثال سرمایہ کاری کے تحت پاکستان بھر میں کوئلے، شمسی،ہائیڈل اوردیگر ذرائع سے بجلی کے حصول کے منصوبے لگ رہے ہیںاور بجلی کے کارخانے مکمل ہونے سے پاکستان کی پیاسی دھرتی کو توانائی مل رہی ہے ۔توانائی بحران کے خاتمے سے ملک کا قریہ قریہ اور ہر گاؤں روشن ہوگا۔پاکستان معاشی طورپر مضبوط ہوگا اوراپنی منزل حاصل کرے گا۔

بجلی بحران کے خاتمے سے اندھیروںمیں بھٹکتی قوم کے خوابوں کو تعبیر ملے گی۔بجلی نہ ہونے کے بنا پر ہزاروں لوگوں کے روزگار کے بند دروازے توانائی بحران کے خاتمے سے کھلیں گے۔انہوںنے کہا کہ 3600میگاواٹ کے گیس پاورپلانٹس وزیراعظم محمد نوازشریف کی سیاسی بصیرت ،دورس سوچ اورشاندار ویژن کے عکاس ہے اورگیس پاور پلانٹس وزیراعظم نوازشریف کی متحرک قیادت کا ثمر ہے۔ان تینوں منصوبوں میں غریب قوم کے 168ارب روپے بچائے گئے ہیں ۔ملک کی تاریخ میں منصوبوں میں ایسی بچت اورشفافیت کی کوئی اور مثال موجود نہیں ۔انہوںنے کہا کہ یہ منصوبے شفافیت،اعلی معیار اوربرق رفتاری سے تکمیل کے شاندار نمونے ہیں۔بجلی کے منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان سے ہمیشہ کیلئے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوجائے گا۔