جرمن عدالت نے شامی مہاجر کو بم سازی کی کوشش میں ساڑھے چھ برس کی سزائے قید سنا دی

جمعرات 13 جولائی 2017 12:45

جرمن عدالت نے شامی مہاجر کو بم سازی کی کوشش میں ساڑھے چھ برس کی سزائے ..
برلن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2017ء) جرمنی کی ایک عدالت نے شامی مہاجر کو بم سازی کی کوشش کا مجرم قرار دے دیا۔ عدالتی ذرائع کے مطابق یہ مجرم ڈنمارک میں حملوں کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ جرمن خبر رساں ادارے کے مطابق جرمن صوبے باڈن ورٹمبرگ کے شہر راونزبرگ کی ایک عدالت نے ایک شامی مہاجر کو پرتشدد کارروائی کی منصوبہ بندی کے جرم میں ساڑھے چھ برس کی سزائے قید سنا ئی ہے۔

عدالت کو بتایا گیا تھا کہ ملزم نے بم سازی کی نیت سے ساز و سامان خریدا تھا۔

(جاری ہے)

وہ مبینہ طور پر ڈنمارک میں ایک حملہ کرنے کی منصوبہ بندی میں تھا۔ جرمن میڈیا میں اس مجرم کا نام ظاہر نہیں کیا گیا بلکہ صرف یہ بتایا گیا ہے کہ یہ اکیس سالہ مرد ایک شامی شہری ہے، جو بطور مہاجر جرمنی آیا تھا۔جرمن سکیورٹی اہلکاروں نے ایک کارروائی کرتے ہوئے اس شامی باشندے کو گزشتہ برس نومبر میں حراست میں لیا تھا۔ تب اس سے ماچس کی سترہ ہزار ڈبیاں، آتش بازی کا سامان، سترہ بیٹریاں، چھ واکی ٹاکیز اور دو خنجر بھی برآمد کیے گئے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ اس سامان کے ساتھ وہ ڈنمارک جانے کی کوشش میں تھا۔جرمن حکام کے مطابق یہ شامی مہاجر 2015ء میں جرمنی آنے کے بعد انتہا پسندی کی طرف مائل ہو گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :