ریاست شخصیات سے نہیں اداروں سے چلتی ہے،وزراء قومی اداروں کو بدنام کر رہے ہیں‘ مخدوم احمد محمود

جے آئی ٹی نے نواز شریف کی تین نسلوں کو ایکسپوز کردیا، نواز شریف کو استعفیٰ دینا ہی ہوگا ‘ صدر پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب

جمعرات 13 جولائی 2017 17:31

ریاست شخصیات سے نہیں اداروں سے چلتی ہے،وزراء قومی اداروں کو بدنام کر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی نے نواز شریف کی تین نسلوں کو ایکسپوز کردیا، نواز شریف کو استعفیٰ دینا ہی ہوگا ۔ یہ بات انہوں نے پارٹی کی فیڈرل کونسل کے رکن عبدالقادر شاہین اور جنوبی پنجاب کے سینئر نائب صدر خواجہ رضوان عالم کے ہمراہ پارٹی میڈیا آفس سے جاری مشترکہ بیان میں کہی ۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی رویہ باعث تشویش ہے وزراء قومی اداروں کو بدنام کررہے ہیں ریاست شخصیات سے نہیں اداروں سے چلتی ہے۔ رول آف لاء سب کے لئے ایک ہونا چاہئے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شریف خاندان کو حکومتی عہدوں سے الگ کرکے ان کا نام ای سی ایل میں ڈال کر مقدمات درج کئے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا (ن) لیگ والے بھٹو کے خلاف بات کرتے نہیں تھکتے تھے لیکن آج انہیں بھٹو اور بے نظیر یاد آرہی ہیں۔

پوری قوم جانتی ہے کہ ان پر کسی قسم کی کرپشن کا الزام نہیں تھا بلکہ سیاسی انتقامی بنیادوں پر ان کے خلاف بنائے جانیوالے من گھڑت مقدمات میں ان پر الزامات تھے کہ انہوں نے غریبوں کے بچوں کو سرکاری محکموں میں بھرتی کیا اور جبری طور پر نکالے جانے والے سرکاری و نیم سرکاری اداروں کے ملازمین کو ان کی نوکریوں پر بحال کیا۔ ان الزامات پر انہوں نے اعلیٰ عدالتوں کے احترام اور قانون کی پاسداری کرتے ہوئے سامنا کیا جس میں سرخرو ہوئے۔

لیکن آج جے آئی ٹی رپورٹ نے حکمران خاندان کے اثاثوں اور کرپشن کو بے نقاب کرکے پوری قوم کو ان کا اصل چہرہ دکھا دیا ہے کہ یہ کتنے شریف ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قوم اب ان لٹیروں کو سعودی عرب یا ملک سے باہر جانے کا کوئی راستہ نہیں دیں گے بلکہ وہ ملک و قوم کی لوٹی ہوئی دولت کی پائی پائی کا حساب اور اسے واپس لیں گے۔