بیگم نصرت بھٹو ائیر پورٹ سکھرسے عازمین حج کی پروازیں27جولائی2017 سے 7اگست تک روانہ ہو نگی

جمعہ 14 جولائی 2017 23:20

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2017ء) بیگم نصرت بھٹو ائیر پورٹ سکھرسے عازمین حج کی پروازیں27جولائی2017 تا 07اگست تک روانہ ہو نگی۔رواں سال سکھر سے 9 پروازوںکے ذریعے 1410عازمین حج کی سعادت کے لیے روانہ ہونگے۔حج آپریشن 2017کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے اہم اجلاس کمشنر سکھر محمد عباس بلوچ کی زیر صدارت کمشنر آفس میں منعقد کیا گیا۔

اجلاس میں سول ایوی ایشن، اے ایس ایف ،اینٹی نارکوٹیکس ،پی آئی اے، میونسپل انتظامیہ،صحت ،پولیس، کسٹمز اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر حج نے اجلاس کو بتایا کہ اس سال سکھر سے 1410عازمین حج، حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے روانہ ہونگے جبکہ پہلی حج پروا ز 160 عازمین کو لے کر27 جولائی 2017کو بیگم نصرت بھٹو ائیر پورٹ سکھر سے روانہ ہو گی۔

(جاری ہے)

کمشنر سکھر محمد عباس بلوچ نے کہا کہ حج کمپلیکس سکھر میں عازمین حج کے لیے پینے کے صاف پانی کے ساتھ صحت اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے میونسپل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ حج کمپلیکس میں صحت و صفائی کا خاص خیال رکھا جائے اور روشنی کے لیے اسٹریٹ لائٹس نصب کی جا ئیں۔جبکہ فائر بریگیڈ بھی 24 گھنٹے موجود رہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صفائی ستھرائی کا عمل مکمل کیا جائے اور صفائی کا عملہ حج آپریشن مکمل ہو نے تک حج کمپلیکس میں موجود رہے گا۔ کمشنر سکھر نے بتایا کہ عازمین حج کو 17 جوالائی سے مختلف بیماریوں سے بچائو کے لیے ویکسین کی جائے گی ۔ عازمین حج مقررہ روانگی تاریخ سے دو روز قبل رپورٹ کریں گے ۔ علاوہ ازیںتمام ضروری ادویات کی فراہمی اور حج کمپلیکس میںایمبولینس کی موجودگی کو بھی یقینی بنایا جائے۔

کمشنر نے کہا کہ حج کمپلیکس سے لیکر ائیر پورٹ روڈ تک بھرپور حفاظتی انتظام کیا جائے جبکہ کیمپ میں لیڈیز پولیس بھی مقرر کی جائے اور ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے ٹریفک پولیس کو بھی مقرر کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ حج کمپلیکس میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے لیے سیپکو کو لکھا جائے گا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ شیڈول کے مطابق پہلی پرواز27 جولائی کو 160 عازمین حج کو لے کر براستہ کراچی جدہ روانہ ہوگی ،اسی طرح دوسری پرواز28 جولائی،تیسری پرواز29 جولائی،چوتھی پرواز30 جولائی،پانچوں پروازیکم آگست، چھٹی پروازاگست،ساتویں پرواز4اگست،آٹھویں پرواز5 اگست اور نویں پروازبیگم نصرت بھٹو ایئرپورٹ سکھر سے 6اگست2017 کو روانہ ہونگی۔

متعلقہ عنوان :