بھارت پاکستانی پانی روک رہا ہے بحران کے خاتمہ کیلئے کالا باغ ڈیم فی الفور تعمیر کیا جائے،میاں کامران سیف

ہفتہ 15 جولائی 2017 20:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جولائی2017ء) پاکستان مسلم لیگ ق کے راہنما و جوائنٹ سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ لاہور میاںکامران سیف نے بھارت کی جانب سے عالمی ثالثی عدالت کا فیصلہ نظر انداز کرکے کشن گنگا ڈیم کی تعمیر مکمل کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت پاکستانی پانی روک رہا ہے جس کے باعث پاکستانی زراعت متاثر ہورہی ہے اور دریا خشک سالی کا شکار ہیں انہوںنے کہا کہ پانی کی ضروریات کے پیش نظر کالا باغ ڈیم فی الفور تعمیر کیا جائے ان خیالات کا اظہار انہوںنے مسلم لیگ ہائوس میں کارکنوںسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

میاں کامران سیف نے کہا کہ بھارت نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہر ہ کرتے ہوئے اپنے طے شدہ ڈیزائن کے مطابق کشن گنگا ڈیم کی تعمیر مکمل کرلی ہے بھارتی حکومت کا یہ اقدام عالمی عدالت انصاف کے حکم کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے ،جبکہ پاکستانی حکومت خواب خرگوش کے مزے لوٹتی رہی اور اس معاملہ کو عالمی اداروں میں اٹھانے کی بجائے خاموشی اختیار کیے رکھی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پاکستان میں پانی کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کالا باغ ڈیم کی تعمیر ازحد ضروری ہے کالا باغ ڈیم سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کے ساتھ دریائوں میں سارا سال پانی دستیاب رہے گا،جبکہ 3600میگا واٹ اڑھائی روپے یونٹ والی سستی بجلی بھی مہیا ہوگی جس سے زراعت و صنعت دونوں ترقی کرے گی۔