پشاور میں خودکش دھماکا، 2 ایف سی اہلکار شہید،

6 زخمی دھماکا باغ ناران چوک کے نزدیک سیکیورٹی فورسز کے گاڑی کے قریب ہوا،سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا

پیر 17 جولائی 2017 12:31

پشاور میں خودکش دھماکا، 2 ایف سی اہلکار شہید،
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جولائی2017ء) پشاور کے علاقے حیات آباد میں خودکش دھماکے سے فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کے 2 اہلکار شہید جبکہ6 زخمی ہوگئے۔سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) کنٹونمنٹ پشاور عمران ملک کے مطابق دھماکا حیات آباد میں باغ ناران چوک کے نزدیک سیکیورٹی فورسز کے گاڑی کے قریب ہوا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ایف سی کا قافلہ حیات آباد میں واقع اپنے کیمپ سے قلعہ بالا حصار کے ہیڈکوارٹرز کی جانب رواں دواں تھا جب زوردار دھماکے کی آواز سنائی دی۔

ایس پی عمران ملک کے مطابق دھماکے میں ایف سی میجر سمیت دو اہلکار شہید جبکہ سیکیورٹی فورسز کی دو گاڑیاں بری طرح متاثر ہوئیں۔دھماکے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ زخمیوں کو حیات آباد میڈیکل کمپلکس منتقل کردیا گیا۔۔ گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے دھماکے میں ہونیوالے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا دہشت گرد قوم کے حوصلے متزلزل نہیں کرسکتے۔