Live Updates

عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی نااہلی کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 17 جولائی 2017 12:59

عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی نااہلی کے لیے لاہور ہائی ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔17 جولائی۔2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی نااہلی کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔پی ٹی آئی وکیل بابر اعوان کے توسط سے جمع کرائی گئی درخواست میں شہباز شریف اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا جس کی سماعت کل 18 جون کو جسٹس شاہد کریم کریں گے۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ شہباز شریف عوامی عہدہ رکھنے کے ساتھ ساتھ اپنے ذاتی کاروبار سے بھی منسلک رہے۔مزید کہا گیا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے وزیراعظم نواز شریف کو 6 ارب روپے کے تحائف دیئے جن کا ذکر انہوں نے کسی منی ٹریل میں نہیں کیا۔درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ پاناما پیپرز کیس کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی رپورٹ میں بھی شریف خاندان کے اثاثے آمدن سے مماثلت نہیں رکھتے۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ شہباز شریف کو وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا جائے۔درخواست گزار کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے خاندانی شوگر ملز کے لیے بھی اثر و رسوخ کا استعمال کیا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات