محترمہ فاطمہ جناح ؒکی سالگرہ31جولائی کو منائی جائے گی

پیر 17 جولائی 2017 13:23

محترمہ فاطمہ جناح ؒکی سالگرہ31جولائی کو منائی جائے گی
فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2017ء) بابائے قوم ، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی ہمشیرہ ، مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی 124ویں سالگرہ اور 125واں یوم ولادت31 جولائی بروز پیر کو ملک بھر میں قومی جوش و جذبے اور انتہائی عقیدت و احترام سمیت بھر پور طریقے سے منایا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ، نظریہ پاکستان فائونڈیشن ، تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ اور دیگر تنظیموں کے زیر اہتمام سیمینارز ، کانفرنسز ، مذاکروں ، مباحثوں اور دیگر تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جس میں مادر ملت کی تحریک پاکستان میں اپنے بھائی کے شانہ بشانہ جدو جہد سمیت ملک و قوم کیلئے ان کی گراں قدر خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔

مادر ملت کے یوم ولادت اور سالگرہ کے موقع پر قرآن خوانی کی محافل کا بھی اہتمام کیا جائے گا جس میں شہدائے تحریک پاکستان سمیت وطن عزیز کی سلامتی ، استحکام ، خوشحالی ، فلاح کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔محترمہ فاطمہ جناح 31جولائی 1893 ء کو کراچی میں پیدا ہوئی تھیں۔