دارالحکومت کے رہائشی علاقوں میں غیر قانونی کاروباری سرگرمیاں پھر شروع

سی ڈی اے کی صرف مخصوص گیسٹ ہائوسسز کے خلاف کارروائیا ں

پیر 17 جولائی 2017 14:33

دارالحکومت کے رہائشی علاقوں میں غیر قانونی کاروباری سرگرمیاں پھر شروع
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جولائی2017ء) وفاقی دارالحکومت کے رہائشی علاقوں میں غیر قانونی کاروباری سرگرمیاں پھر شروع ہو گئیں ۔ سی ڈی اے کی صرف مخصوص گیسٹ ہائوسسز کے خلاف کارروائیوں اور کام میں تاخیر کے باعث وہ گیسٹ ہائوسسز بھی دوبارہ کھلنا شروع ہو گئے ہیں جنہوں نے دو سال قبل عدالتی احکامات کے بعد رہائشی علاقوں میں قائم اپنے غیر قانونی گیسٹ ہائوس بند کر دیئے تھے ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سی ڈی اے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ اسلام آباد کے رہائشی علاقوں میں غیر قانونی گیسٹ ہائوسسز کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے ۔ دو سال قبل سی ڈی اے نے رہائشی علاقوں سے غیر قانونی گیسٹ ہاوئسسز ختم کرنے کے احکامات جاری کئے تھے جس پر سی ڈی اے نے کلینکس ‘ میڈیا دفاتر اور گیسٹ ہائوسسز سمیت تمام غیر قانونی طور پر جاری کاروباری سرگرمیوں کو بند کروا دیا تھا تاہم گیسٹ ہائوسسز کے خلاف کارروائی میں سی ڈی اے نے نرم دلی کا مظاہرہ کیا اور صرف چند سیکٹرز میں کچھ گیسٹ ہائوسسز بند کئے اور باقی ماندہ کے خلاف کارروائی میں سستی اور تاخیر کا مظاہرہ کیا گیا ۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ سی ڈی اے بلڈنگ کنٹرول ڈائریکٹر فیصل نعیم کو رہائشی علاقوں میں قائم گیسٹ ہائوسسز کی تعداد کا علم ہی نہیں ہے ۔ سی ڈی اے ذرائع کے مطابق غیر قانونی گیسٹ ہائوسسز شاید ابھی اتنی تعداد میں نہیں ہیں تاہم اس وقت 100 سے زیادہ غیر قانونی گیسٹ ہائوسسز رہائشی علاقوں میں کاروباری سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ اس حوالے سے جب فیصل نعیم سے پوچھا گیا تو انہوں نے بتایا کہ گیسٹ ہائوسسز کی تعداد کے بارے میں جاننے کے لئے سروے شروع کر دیا گیا ہے اور آئندہ ہفتے تک سروے مکمل کر لیا جائے گا جس کے بعد سب کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی ۔ ۔