افغان سیکورٹی فورسز نے جنوبی صوبہ ہلمند کے ضلع کا قبضہ طالبان سے واگزار کروا لیا

نوا کا قبضہ واگزار کروانے کی کارروائی میں 12 عسکریت پسندہلاک ،2 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، افغان فوجیوں نے تین مختلف اطراف سے ضلع کی طرف پیش قدمی کی،فوج کو بین الاقوامی فورسز کی فضائی مدد بھی حاصل تھی،ترجمان صوبائی گورنر

پیر 17 جولائی 2017 15:16

افغان سیکورٹی فورسز نے جنوبی صوبہ ہلمند کے ضلع کا قبضہ طالبان سے واگزار ..
کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 جولائی2017ء) افغان سیکورٹی فورسز نے جنوبی صوبہ ہلمند کے ایک ضلع کا قبضہ طالبان عسکریت پسندوں سے واگزار کروا لیا ۔افغان میڈیا کے مطابق صوبائی گورنر کے ترجمان عمر زواک کا کہنا ہے کہ ضلع نوا کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرنے کے لیے ہفتہ کو علی الصبح کارروائی شروع کی گئی تھی جس میں افغان فوجیوں نے تین مختلف اطراف سے ضلع کی طرف پیش قدمی کی۔

فوجیوں کو بین الاقوامی فورسز کی فضائی مدد بھی حاصل تھی۔زواک کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے ضلع کے مرکزی حصے اور دیگر اہم علاقوں کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے جہاں نو ماہ قبل طالبان نے قبضہ کر لیا تھا۔صوبائی ترجمان کے مطابق نوا کا قبضہ واگزار کروانے کی اس کارروائی میں کم ازکم 12 طالبان عسکریت پسند مارے گئے اور دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

یہ ضلع مرکزی شہر لشکر گاہ سے 15 کلومیٹر جنوب میں واقع ہے۔ ہلمند طالبان کا مضبوط گڑھ تصور کیا جاتا ہے۔رواں ماہ کے اوائل میں ضلع نوا میں طالبان کے ایک حملے میں ایک امریکی فوجی ہلاک اور دو زخمی ہوگئے تھے۔امریکی فوجی حکام کا کہنا تھا کہ یہ فوجی افغان سکیورٹی فورسز کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں مصروف تھے کہ طالبان کے حملے کی زد میں آگئے۔افغانستان میں مقامی سکیورٹی فورسز کی معاونت اور تربیت کے لیے امریکہ سمیت نیٹو ممالک کے لگ بھگ 13000 فوجی تعینات ہیں۔