پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ اعلیٰ تعلیم کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع فراہم کرتا ہے، احسن اقبال

پیر 17 جولائی 2017 16:18

پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ اعلیٰ تعلیم کے شعبوں میں تعاون کے وسیع ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2017ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے فوائد سے مستفید ہونے کیلئے ایچ ای سی کے تحت سی پیک یونیورسٹی الائنس اور بزنس اسکولز کنسورشیم کے قیام کا خیرمقدم کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے ایئر یونیورسٹی اسلام آباد میں ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان اور چائینہ ایسو سی ایشن آف ہائرایجوکیشن کے باہمی اشتراک سے منعقدہ پاک چائنا فورم کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ حکومت کی ترجیحات میں اعلیٰ تعلیم کا فروغ سرفہرست ہے ، انہوں نے چینی ماہرین تعلیم کوپاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت چین کے ساتھ تعلیمی شعبے میں تعاون کو مستحکم کرنے کی خواہاں ہے، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن رکھنے کیلئے اعلیٰ تعلیم کا حصول ضروری ہے اور اس حوالے سے ملکی ترقی کیلئے ناگزیر سی پیک منصوبہ پاکستان اور چین کے مابین اعلیٰ تعلیم میں تعاون کے مواقع بھی فراہم کرتا ہے۔

(جاری ہے)

میزبان ایئر یونیورسٹی کے وائس چانسلر ایئروائس مارشل (ر) فائز امیرنے اعلیٰ تعلیم تک یکساں رسائی کے مواقع اور معیارِ تعلیم کے موضوع پر منعقدہ اجلاس کے شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایئر یونیورسٹی سی پیک کے تحت اعلیٰ تعلیم یافتہ افرادی قوت فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے، اس موقع پر پاکستان ہائر ایجوکیشن کمیشن اور چائنیز ہائر ایجوکیشن کے اعلی افسران بھی موجود تھے، چینی مندوبین کا سی پیک کے تناظر میں دوطرفہ تعلیمی تعاون مستحکم کرنے کیلئے مختلف تجاویز کا تبادلہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چین کی ترقی کا رازعوام کو اعلیٰ معیاری تعلیم کی یکساں فراہمی میں پنہاں ہے، ایئر یونیورسٹی میں منعقدہ پاک چین فورم میں دونوں ممالک سے تعلق رکھنے والے ماہرین تعلیم اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :