مسلم لیگ (ن) آئندہ الیکشن میں کلین سویپ کرے گی،

عوام باشعور ہیں اور وہ اچھے اور برے کی تمیز کرنا جانتے ہیں، قاضی اسد

پیر 17 جولائی 2017 16:22

مسلم لیگ (ن) آئندہ الیکشن میں کلین سویپ کرے گی،
ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2017ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما سابق صوبائی وزیر قاضی محمد اسد نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے ہری پور میں اپنا فریم ورک مکمل کر لیا ہے، آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) ہری پور میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی، عوام اب باشعور ہیں اور وہ اچھے اور برے کی تمیز کرنا جانتے ہیں، ہری پور بائی پاس پراجیکٹ میں سنگین قانونی بے ضابطگیاں دیکھنے کو آ رہی ہیں، کئی جگہ پر شاہراہ کو پاس شدہ نقشہ سے ہٹ کر بنایا جا رہا ہے جس سے پراجیکٹ کو مکمل ہونے میں تاخیر کا سامنا ہے، متاثرہ عوام اپنے حقوق کے دفاع کا کوئی اور راستہ نہ پا کر عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے پر مجبور ہے۔

سوموار کو یہاں اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اگر نقشہ کے مطابق خسرہ نمبر شاہراہ میں شامل ہو مگر درحقیقت کوئی دوسرا خسرہ نمبر زیر استعمال لایا جائے تو اصل متاثرہ مالک کو معاوضہ نہیں ملے گا اور وہ اس غلطی کو درست کروانے کیلئے لمبے عرصہ تک عدالتوں میں دھکے کھاتا رہے گا۔

(جاری ہے)

قاضی اسد نے مزید کہا کہ جن لوگوں کی زمین اس پراجیکٹ میں استعمال ہوئی ہے ان میں سے کئی لوگوں کو ابھی تک حکومت کی طرف سے کوئی معاوضہ ادا نہیں کیا گیا، یہ سراسر ظلم ہے، پہلے متاثرین کو معاوضہ کی ادائیگی یقینی بنائی جانی چاہئے تھی تب منصوبہ پر کام شروع کیا جاتا۔

انہوں نے کہا کہ ہری پور میں شروع کردہ منصوبے انتہائی گھٹیا معیار کے ہیں جن میں سے زیادہ پیسہ پراجیکٹ پر لگنے کی بجائے متعلقہ لوگوں کی جیبوں میں جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہری پور میں اپنا ہوم ورک کر لیا ہے، آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) ہری پور میں کلین سویپ کرے گی، عوام کو اچھے اور برے کی تمیز ہے اور وہ اس کا بھرپور استعمال آئندہ الیکشن میں بھی کریں گے۔

متعلقہ عنوان :