سپریم کورٹ میں پانامہ کیس کی سماعت پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات ،

ریڈ زون میں سیکیورٹی ہائی الرٹ رہی ، ریڈ زون میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی تلاشی لی جاتی رہی ،شاہراہ دستور سمیت اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستوں پر گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں اور شاہراہ پر دستور پارکنگ کا منظر پیش

پیر 17 جولائی 2017 16:35

سپریم کورٹ میں پانامہ کیس کی سماعت پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات ،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 جولائی2017ء) سپریم کورٹ میں پانامہ کیس کی سماعت کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے، ریڈ زون میں سیکیورٹی ہائی الرٹ تھی، ریڈ زون میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی تلاشی لی جاتی رہی جس سے شاہراہ دستور سمیت اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستوں پر گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں اور شاہراہ دستور پارکنگ کا منظر پیش کر رہی تھی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پیر کو سپریم کورٹ میں جے آئی ٹی کی رپورٹ آنے کے بعد ایک بار پھر پانامہ کیس پر سماعت کے موقع پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے تھے،علی الصبح پولیس کی بھاری نفری ریڈ زون میں تعینات کی گئی جو کیس کی سماعت مکمل ہونے تک موجود رہی، پولیس کی معاونت کیلئے رینجرز کے دستے تیار تھے اور آئی جی و ایس ایس پی آپریشنز سیکیورٹی انتظامات سے متعلق لمحہ بہ لمحہ صورتحال معلوم کرتے رہے، ریڈ زون میں سیاسی کارکنان کے داخلے پر پابندی نہیں تھی تاہم آنے والی تمام گاڑیوں کو روک کر پولیس گاڑیوں میں موجود افراد کی شناخت معلوم کرتی رہی اور مشتبہ گاڑیوں کی تلاشی بھی لی گئی، سپریم کورٹ کی پارکنگ میں گنجائش نہ ہونے کے باعث سیاسی رہنمائوں کو شاہراہ دستور پر اپنی گاڑیاں پارک کرنا پڑیں، جس سے شاہراہ دستور پارکنگ کا منظر پیش کرنے لگی۔