جے آئی ٹی رپورٹ آسمانی صحیفہ نہیں ،مخالفین ثبوت دینے میں ناکام رہے، پرویز ملک ،عمران نذیر

پیر 17 جولائی 2017 18:33

جے آئی ٹی رپورٹ آسمانی صحیفہ نہیں ،مخالفین ثبوت دینے میں ناکام رہے، ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2017ء)پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک وجنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ عمران خان کس کا ایجنٹ ہے اور یہ کون ہے، ڈھکی چھپی نہیں مرحوم حکیم سعید کی کتاب’’جاپان کی کہانی‘‘ کا صفحہ نمبر13,14اور15پڑھ لیا جائے معلوم ہو جائے گا، جے آئی ٹی رپورٹ کوئی آسمانی صحیفہ نہیں ہے، وقت آنے پر حقائق سب کے سامنے آ جائیں گے،مخالفین کے مفروضوں کے علاوہ کچھ نہیں ،جے آئی ٹی رپورٹ پر ہی کیوں انحصار کررہے ہیں،مسلم لیگ (ن) کی سیاست عوام کی ترقی اورخوشحالی کی سیاست ہے جبکہ دوسری طرف منفی سیاست کرنے والے ملک کو پیچھے دھکیلنا چاہتے ہیں اور یہ عناصر ملک سے انتہاپسندی، غربت، بے روزگاری اور اندھیروں کا خاتمہ نہیں چاہتے‘ سیاست میں ہمیشہ مصنوعی سہارے ڈھونڈنے والے دھرنا گروپ کے سربراہ کو عوام ہر محاذ پر مسترد کرچکے ہیں‘ عوام کی خدمت ان لوگوں کے بس کا کام نہیںجن کی سیاست صرف جھوٹ اورالزام تراشی کے گرد گھومتی ہے - ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لاہور میں مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر رمضان صدیق بھٹی، چوہدری شہباز، غزالی سلیم بٹ، ڈپٹی میئر حاجی اللہ رکھا،مشتاق مغل،میاں طارق، سید توصیف شاہ،اظہر فاروقی،عامر خان،رانا احسن شرافت، چوہدری عبدالمجید چن نمبر دار،جاوید اقبال سمیت دیگر بھی موجود تھے،انہوں نے کہا کہ نام نہادسیاسی عناصر اپنے غیر جمہوری طرز عمل کے ذریعے قوم کو یرغمال نہیں بناسکتے‘ الزام تراشی کے ماہر ایک سیاستدان نے جھوٹ بولنے کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں اور ناعاقبت اندیش عناصر نے صرف سیاست برائے اقتدار کیلئے ملک وقوم کی تقدیر کو داؤپر لگادیا‘ ملک میں محاذ آرائی، افراتفری اور بے چینی پھیلانے کے ذمہ د اروں کو قوم اور تاریخ کبھی معاف نہیں کریگی،مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوام کی قسمت بدلنے اور انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں، انہوںنے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف نے گزشتہ چار برس میں عوام کی بے لوث خدمت کی ہے اورپاکستان کو اندھیروںسے نکال کرترقی و خوشحالی کے سفر پر گامزن کیا ہے، وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میںترقی اورخوشحالی کی منزل حاصل کریں گے اور عوامی خدمت کا سفر آئندہ بھی جاری رہے گا۔