شاہین ایئر کے تعاون سے پاکستان کے سب سے بڑے ٹریول ٹریڈ شو کا انعقاد

شاہین ایئر لائن کے لینڈ مارک کمیونیکیشنز کے ساتھ ٹریول ٹریڈ شو سے پاکستانی سیاحتی انڈسٹری کو دنیا بھر میں فروغ ملے گا

پیر 17 جولائی 2017 18:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2017ء) شاہین ایئر انٹر نیشنل اور لینڈ مارک کمیونیکشنزمشترکہ طور پر ’پاکستان ٹریول مارٹ ‘ کے نام سے پاکستان کا سب سے بڑا ٹریول ٹریڈ شو منعقد کریں گے۔ اس بات کا اعلان لاہور میں منعقدہ ٹریول ایجنٹس کے ایک اجلاس میں کیا گیا جس میں پورے پنجاب سے ٹریول ایجنٹس نے شرکت کی۔ اس ٹریڈ شو کے انعقاد کا مقصد پاکستان کی ایوی ایشن اور ٹورزم انڈسٹری کوایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کرنا اور پاکستان کی ٹریول انڈسٹری کو عالمی سطح پر متعارف کرانا ہے۔

اجلاس میں مہمانان خصوصی پنجاب کے صوبائی وزیر برائے یوتھ افیئرز اور اسپورٹس ، جہانگیر خانزادہ اور پنجاب کے صوبائی سیکریٹری برائے یوتھ افیئرز، اسپورٹس، آرکیالوجی اینڈ ٹورزم، نیر اقبال کے علاوہ اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شاہین ایئر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر -نارتھ، محمد واثق نے کہا،’’شاہین ایئر میں ہم ایوی ایشن کی صنعت کی قابلیت سے بخوبی واقف ہیں اور اس بات سے بھی آگاہ ہیں کہ حکومت، انڈسٹری اور عوام کے درمیان ہم آہنگی اور تعاون ضروری ہے تاکہ سیاحت کو فروغ مل سکے۔

پاکستان ٹریول مارٹ کے ساتھ اپنی شراکت کے ذریعے ہم اپنے تجارتی تعلقات کومضبوط بنانے اور پاکستان کے سیاحتی سیکٹر کو نہ صرف مقامی آبادی بلکہ غیر ملکی سیاحوں کے درمیان فروغ دینے کے لیے تیار ہیںجنہوں نے حال ہی میں پاکستان کا سفر کرنا شروع کیا ہے۔‘‘تقریب کے دوران شاہین ایئر نے ملک کے لیے ایک مضبوط فضائی رابطے کی اہمیت پر بھی زور ڈالا تاکہ لاکھوں افراد کے لیے معاشی تبدیلی لائی جا سکے اور سرمایہ کاری کے لیے مارکیٹ کی نشوونما ، سیاحوں کے لیے خدمات میں بہتری اور ملک بھر میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔

شاہین ایئر انٹرنیشنل کے زیر اہتمام منعقد ہونے والا پاکستان ٹریول مارٹ عالمی سطح کی ایک سفر ی اور سیاحتی نمائش ہے جو کراچی ایکسپو سینٹر میں 24سے 26نومبر، 2017تک منعقد ہوگی۔ اس نمائش میں ممتاز ایئرلائنیں، ٹریول ایجنٹس، ہوٹلز، ٹور آپریٹرز، ٹیکنالوجی پارٹنرز اور آن لائن بکنگ کمپنیاں حصہ لیں گی۔

متعلقہ عنوان :