کوہاٹ،سرچ آپریشن کے دوران اشتہاریوں،سہولت کاروں اور افغانیوں سمیت 84مشتبہ افرادگرفتار

پیر 17 جولائی 2017 20:27

کوہاٹ،سرچ آپریشن کے دوران اشتہاریوں،سہولت کاروں اور افغانیوں سمیت ..
کوہاٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2017ء)کوہاٹ جنگل خیل میںگھر گھر تلاشی اور آپریشن کے دوران مطلوب اشتہاریوں،سہولت کاروں اور افغانیوں سمیت 84مشتبہ افرادکو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ شہر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کرتے ہوئے جنرل ہولڈ اپ کی کارروائی میںبھی چار اشتہاری مجرم اور چالیس مشکوک افراد حراست میں لئے گئے ہیں۔سرچ اینڈ سٹرائیک اور جنرل ہولڈ اپ آپریشن میں زیر حراست ملزمان سے بڑی تعداد میں خود کار ہتھیار و منشیات اور مشکوک موٹر سائیکلیں قبضے میں لئے گئے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق کوہاٹ میں مشتبہ دہشتگردوں،سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاریوں اور مختلف جرائم میں ملوث قانون شکن عناصر کی سرکوبی کیلئے جاری سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کے تسلسل میں سوموار کے روز کوہاٹ شہر سے ملحقہ جنگل خیل کے علاقے اور گھمکول افغان پناہ گزین کیمپوں کی آبادی میں گھر گھر تلاشی آپریشن کا انعقاد کیا گیا ۔

(جاری ہے)

ایس ایچ او تھانہ جنگل خیل قسمت خان کی سربراہی میں پانچ گھنٹے مسلسل جاری سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن میں پولیس اور ایلیٹ فورس کی بھاری نفری نے ٹارگٹڈ گھروں پر اچانک چھاپے مارے اور ان گھروں کی مکمل تلاشی لی۔

تلاشی آپریشن کی اس کاروائی میں پولیس نے سنگین وارداتوں میں مطلوب 4اشتہاری مجرموںعارف ،مومین ساکنان ملنگ آباد،شفیع اللہ اور اسرار ساکنان جنگل خیل کوشدید مزاحمت کے بعد حراست میں لے لیا ۔کاروائی کے دوران اشتہاریوں کو پناہ دینے والے دو سہولت کاروں کو بھی گرفتار کرکے مقدمات درج کرلئے گئے جبکہ علاقے میں سفری و شناختی دستاویزات کے بغیر مقیم دو افغان باشندوں کو بھی حراست میں لیکر پابند سلاسل کردیا گیا ہے۔

آپریشن کی کاروائی میں 84مشتبہ افراد بھی دھر لئے گئے ہیںجنہیں چھان بین کیلئے تھانہ جنگل خیل منتقل کردیا گیا ہے۔ کاروائی کے دوران بڑی تعداد میں غیر لائسنس یافتہ اسلحہ اور منشیات بھی برآمد کرکے قبضے میں لئے گئے ہیں جن میں دو کلاشنکوف، ایک رائفل،تیرہ پستول،مختلف بور کے سینکڑوں کارتوس ،پندرہ چارجرز ،ایک کلوگرام چرس اور تین سو د س گرام ہیروئن شامل ہیں۔

ادھرملک بھر میں دہشتگرد حملوں کے بعد ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ جاوید اقبال نے شہر میں کسی بھی ناخوشگوار صورتحال اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر حفاظتی انتظامات سخت کرتے ہوئے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر اضافی ناکہ بندیاں قائم کردی ہیں اور پولیس کو مشکوک گاڑیوں اور اشخاص پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ڈی پی او کے احکامات کی روشنی میں پولیس نے جنرل ہولڈ اپ آپریشن کی کاروائیوں میں سوموار کی علی الصبح سے مختلف مقامات پر اچانک چیکنگ اور چھاپہ مار کاروائیوں میں چار مطلوب اشتہاریوںشہزاد حسن،دین محمد،عبدالرازق اور جمشید خان سمیت چالیس مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر متعلقہ تھانوں میں پابند سلاسل کردیا ہے۔

جنرل ہولڈ اپ آپریشن میں گرفتار بعض افراد کے قبضے سے پولیس نے مجموعی طور پر دو بندوق،دس پستول،درجنوں کارتوس ،سولہ کلو گرام چرس اور بلا نمبر 150مشکوک موٹر سائیکلیں تحویل میں لیکر اسلحہ و منشیات سمیت گرفتار افراد کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے جبکہ تحویل میں لئے گئے موٹر سائیکل مالکان پر بھاری جرمانے عائدکردئیے گئے ہیں۔