سی پیک کی تکمیل کا ذمہ فوج نے لے رکھا ہے ، نواز شریف کے جانے سے سی پیک منصوبے کو کوئی فرق نہیں پڑے گا نواز شریف محفوظ راستہ لینے کے لیئے فوج اور عدلیہ سے سودے بازی کرنا چاہتے ہیں

چیئرمین سنی اتحاد کونسل پاکستان صاحبزادہ حامد رضاکابیان

پیر 17 جولائی 2017 21:00

سی پیک کی تکمیل کا ذمہ فوج نے لے رکھا ہے ، نواز شریف کے جانے سے سی پیک ..
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 جولائی2017ء) چیئرمین سنی اتحاد کونسل پاکستان کے صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ سی پیک کی تکمیل کا ذمہ فوج نے لے رکھا ہے اس لیئے نواز شریف کے جانے سے سی پیک منصوبے کو کوئی فرق نہیں پڑے گا ، فوج سیاست سے لاتعلق ہے ، ن لیگ کی مارشل لا لگوانے کی خواہش پوری نہیں ہو گی نواز شریف محفوظ راستہ لینے کے لیئے فوج اور عدلیہ سے سودے بازی کرنا چاہتے ہیں حکمران سازشی تھیوری سے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے کرپٹ حکمرانوں کے احتساب کو سازش قرار دینا لایعنی بات ہے حکمران خاندان نے اقتدار و اختیار کو ہوس زر کی تسکین کا ذریعہ بنا رکھا ہے سانحہ ماڈل ٹاؤن کا مقدمہ قاتل حکمرانوں کے گلے کا پھندا بنے گا ۔

(جاری ہے)

وہ گز شتہ روز یہاں میڈ یا سے گفتگو کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے عدلیہ کا فیصلہ تسلیم نہ کیا تو ان کے خلاف دما دم مست قلندر ہو گا وزیراعظم جمہوریت کے لیئے خطرہ بن چکے ہیں جے آئی ٹی کے ممبران پوری قوم کے حقیقی ہیرو ہیں کرپشن کے بت پاش پاش ہونے والے ہیں شریف خاندان نے تیس سال سے پاکستان کو چراگاہ بنا رکھا ہے حکمرانوں کا بس چلے تو کفن میں بھی جیبیں لگوا لیں جنرل جیلانی کی انگلی پکڑ کر سیاست میں آنے والا جمہوریت کا چمپئن نہیں ہو سکتا چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا مزید کہنا تھا کہ حکمران اپنے اقتدار کے تحفظ کے لئے ملکی وقار اور مفاد داؤ پر لگا رہے ہیں ۔