اسپاٹ فکسنگ کیس میں معطل کرکٹر شرجیل خان کے کیس کی اینٹی کرپشن ٹریبیونل میں سماعت مکمل

29جولائی کوہونیوالی سماعت میں فریقین تحریری دلائل جمع کروائیں گے جس کی30دن بعد ٹریبیونل اپنا فیصلہ سنائے گا شہادتوں سے ثابت کردیا ہمارا کیس مضبوط ہے،فیصلہ آنے کے بعد پتا چلے گا کہ کونسا فریق چیلنج کرتا ہے‘ کرکٹر کے وکیل شیغان اعجاز شرجیل خان خود سب کچھ تسلیم کرچکے ،ان کیخلاف تمام ثبوت بھی واضح ہیں اب نہیں بچ سکتے‘ پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی کی گفتگو

پیر 17 جولائی 2017 21:17

اسپاٹ فکسنگ کیس میں معطل کرکٹر شرجیل خان کے کیس کی اینٹی کرپشن ٹریبیونل ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2017ء) پاکستان سپر لیگ اسپاٹ فکسنگ کیس میں معطل کرکٹر شرجیل خان کے کیس کی اینٹی کرپشن ٹریبیونل میں سماعت مکمل ہوگئی، فریقین نے حتمی دلائل پیش کیے، 29 جولائی کو ہونے والی سماعت میں بھی فریقین تحریری دلائل جمع کروائیں گے جس کے 30دن بعد ٹرییبونل اپنا فیصلہ سنائے گا۔شرجیل خان کے وکیل شیغان اعجاز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مطمئن ہیں کہ ہم نے بہتر دلائل دیئے، پی سی بی کے وکلاء سے کوئی شکایت نہیں ہے، آج ہم نے شہادتوں سے ثابت کردیا کہ ہمارا کیس مضبوط ہے۔

انہوں نے کہا کہ رونی فلینگن، سلمان نصیر اور عمر امین نے کرنل (ر) اعظم کا بیان پڑھنے کے بعد ٹریبیونل میں اپنے بیانات ریکارڈ کروائے جبکہ برطانوی ایجنسی کے نمائندہ اینڈریو افگریو نے رونی فلینگن کا بیان دیکھنے کے بعد ہی اپنا بیان دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کوچ ڈین جونز نے کہا تھا کہ اہم بات یہ ہے کہ اسٹرائیک ریٹ بہتر تھا تو کیا غیر ضروری شاٹ کھیلنے کی ضرورت تھی۔

شیغان اعجاز نے کہا کہ ہم یہ تسلیم کر چکے ہیں کہ بکی کے رابطے پر شرجیل خان پی سی بی حکام کو آگاہ کرنے میں ناکام رہے، فیصلہ آنے کے بعد پتا چلے گا کہ کونسا فریق چیلنج کرتا ہے۔ اس موقع پر پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی نے کہا کہ کارروائی اختتام پذیر ہوگئی ہے اور ٹریبیونل نے فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے فریقین کو تحریری دلائل 29جولائی تک جمع کروانے کی ہدایت کی ہے جس کے 30دن بعد ٹریبیونل اپنا فیصلہ سنائے گا۔

انہوں نے کہا کہ شرجیل خان خود سب کچھ تسلیم کرچکے ہیں اور ان کے خلاف تمام ثبوت بھی واضح ہیں وہ اب نہیں بچ سکتے ۔اب پی سی بی کو صرف فیصلے کا انتظار ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ فیصلہ حقائق پر مبنی ہو گا اور ہمارے حق میں آئے گا، ٹرییبونل میں یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ 2 ڈاٹ بالز میرٹ پر نہیں کھیلی گئیں اور پلاننگ کے تحت کھیلی گئیں۔ ناصر جمشید پر ابھی تو عدم تعاون کا الزام لگا ہے، اس کے بعد فکسنگ الزامات پر بھی کارروائی ہو گی۔پی سی بی کے پا س اختیا رہے کہ وہ شرجیل خان پر مزیدچارج لگا سکتے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں کے بتایا کہ کرکڑ ناصر جمشید پر اب تک پی سی بی سے تعاون نہ کرنے کا الزام ہے ۔