حکومت ہر مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے ،ثناء اللہ خان زہری

بارشوں سے متاثرہ خاندانوں کی ہرطرح سے مدداور بحالی کیلئے بھرپور معاونت فراہم کی جائے گی،وزیر اعلیٰ بلوچستان

پیر 17 جولائی 2017 21:26

حکومت ہر مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے ،ثناء اللہ خان زہری
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2017ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ حکومت ہر مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے بارشوں سے متاثرہ خاندانوں کی ہرطرح سے مدداور ان کی بحالی کیلئے بھرپور معاونت فراہم کی جائے گی۔ پی ڈی ایم اے اورمقامی انتظامیہ متاثرہ خاندانوں کی معاونت اور ہر ممکن امداد کی فراہمی کے ساتھ ساتھ انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرے، متاثرہ افراد کی بروقت امداد کو یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حالیہ مون سون بارشوں سے ہونے والے نقصانات اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لئے پیر کے روز یہاں منعقد ہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی، چیف سیکرٹری بلوچستان اورنگزیب حق ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری(منصوبہ بندی وترقیات)ڈاکٹر عمر بابر، سیکرٹری خزانہ، ڈی جی پی ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

ڈاریکٹر پی ڈی ایم اے عطاء اللہ مینگل نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتا یاکہ حالیہ مون سون بارشوں کے پیش نظر صوبے کے 20اضلاع کوحساس قرار دیا گیا ہے جبکہ لسبیلہ، خضدار، ژوب ، وڈھ اور سبی کے علاقوں میں اب تک 24افراد جان بحق ہوئے ہیں، متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان اور ٹیمیں بروقت روانہ کردی گئی ہیں اور متاثرہ افراد میں خوراک، ٹینٹ اور دیگر اشیاء تقسیم کی گئی ہیں، انہوں نے بتایا کہ مشرقی بلوچستان کے علاقوں میں 15جولائی سے شروع ہونے والی بارشوں کا سلسلہ مزید ایک ہفتے تک جاری رہے گا وزیر اعلیٰ کی ہدایت کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پی ڈی ایم اے اور مقامی انتظامیہ الرٹ ہے، جبکہ صوبے کے کسی حصے میںسیلاب کا کوئی خطرہ نہیں۔

صوبائی وزیر میر سرفراز بگٹی نے اجلاس کو بتایا کہ پی ڈی ایم اے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہے اور متاثرہ علاقوں میںضروری امدادی اشیاء بھجوائی جارہی ہیں، انہوں نے پی ڈی ایم اے کو خوراک اورخیمے وغیرہ خریدنے کے لئے ضروری فنڈز کے اجرأاور بارشوں سے جان بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو معاوضے کی فراہمی کی طریقہ کار کو آسان بنانے کی ضرورت پر زوردیا۔

وزیراعلیٰ نے پی ڈی ایم اے کو فنڈز کے بروقت اجراء اور جان بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو معاوضے کی فراہمی کے طریقہ کار کو آسان بنانے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے کوئٹہ کراچی شاہراہ پر سیلابی ریلوں سے گر جانے والے پُل کی فوری بحالی سمیت متاثرہ سڑکوں کی تعمیر ومرمت کی ہدایت بھی کی۔اجلاس میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کااظہاراور مرحومین کے لئے دعائے مغفرت کی گئی۔

متعلقہ عنوان :