حکومت سندھ اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی شہر میں بارشوں کے پیش نظر مخدوش عمارتوں کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے، میئر کراچی

پیر 17 جولائی 2017 21:41

حکومت سندھ اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی شہر میں بارشوں کے پیش نظر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ حکومت سندھ اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی شہر میں بارشوں کے پیش نظر مخدوش عمارتوں کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے اور مخدوش قرار دی جانے والی عمارتوں کے لئے بنائے گئے قوانین پر سختی سے عمل کیا جائے، اپنے ایک اخباری بیان میں انہوں نے کہا کہ مخدوش عمارتیں قوانین کے مطابق فوری خالی کرائی جائیں اور مکینوں کو متبادل رہائش فراہم کی جائے، میئر کراچی نے کہاکہ متوقع شدید بارشوں کے پیش نظر مخدوش عمارتوں میں رہائش پذیر شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں کیونکہ اس موسم میں ایسی عمارتوں کو خطرات لاحق ہوتے ہیں اور کسی بھی حادثے کی صورت میں جانی و مالی نقصان ہوسکتا ہے، میئر کراچی نے کہا کہ شہر کے پرانے علاقوں میں ایسی متعدد عمارتیں موجود ہیں جو نہ صرف مخدوش ہیں بلکہ انتہائی خطرناک حالت میں ہیں لیکن یہ عمارتیں اب بھی رہائش کے لئے استعمال ہو رہی ہیں اگر حکومت سندھ اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے اس حوالے سے اپنی ذمہ داری پوری نہ کی تو کوئی بھی حادثہ رونما ہوسکتا ہے، میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کشمیر روڈ پر رین ایمرجنسی سینٹر قائم کیا ہے جو 24 گھنٹے مصروف عمل ہے جبکہ ریسکیو یونٹ ،ڈیزاسسٹر مینجمنٹ اور فائربریگیڈ کو بھی متحرک رکھا گیا ہے تاکہ محکمہ موسمیات کی کراچی میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کے مدنظر صورتحال کو کنٹرول کیا جاسکے، میئر کراچی نے کہاکہ انہوں نے متعلقہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے موسم کی صورتحال پر نظر رکھیں تاکہ بارش ہونے کی صورت میں سڑکوں سے پانی کی نکاسی کے ساتھ ساتھ دیگر اقدامات کئے جاسکیں۔

متعلقہ عنوان :