آئل ٹینکرز کو سپریم کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز ٹرمینل پر منتقل کرنے کا کام فوری کیا جائے، میئر کراچی وسیم اختر

پیر 17 جولائی 2017 21:43

آئل ٹینکرز کو سپریم کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں ذوالفقار آباد آئل ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ آئل ٹینکرز کو سپریم کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز ٹرمینل پر منتقل کرنے کا کام فوری کیا جائے اور اس سلسلے میں تمام تر اقدامات مکمل کرلئے گئے ہیں ، پاکستان اسٹیٹ آئل کو ہدایت کی گئی ہے کہ ان کے زیر انتظام آئل ٹینکرز کو جلد از جلد ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز ٹرمینل منتقل کردیا جائے ،یہ بات انہوں نے سیکریٹری داخلہ حکومت سندھ قاضی شاہد پرویز کے دفتر میں منعقد ہونے والے ایک جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، مشیر مالیات کے ایم سی خالد محمود شیخ ، سینئر ڈائریکٹرمختار حسین ، آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران ، پی ایس او کے نمائند ے اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز ٹرمینل میں جو ترقیاتی کام رہ گئے ہیں انہیں تیزی کے ساتھ مکمل کیا جائے اور وہ تمام سہولیات باہم پہنچائی جائیں جس کی وہاں ضرورت ہے، میئر کراچی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق اندرونی شہر سے آئل ٹینکرز کی پارکنگ کے خاتمے کے لئے ذوالفقار آباد میں آئل ٹینکرز ٹرمینل قائم کیا گیا ہے جس کے لئے کے ایم سی نے تمام ضروری اقدامات کئے ہیں انہوں نے کہاکہ مختلف مقامات پر آئل ٹینکرز کی پارکنگ کی وجہ سے ٹریفک میں پڑنے ولے خلل اور شہریوں کو درپیش مشکلات کو دور کرنے کے لئے ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز پارکنگ ٹرمینل میں آئل ٹینکرز کی مکمل طور پر منتقلی کا عمل جلد از جلد مکمل ہونا چاہئے، انہوں نے کہا کہ یہ شہر کا پرانا مسئلہ ہے اب اسے حل ہونا چاہئے، اجلاس کو بتایا گیا کہ ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز ٹرمینل میں 2375آئل ٹینکرز پارک کی سہولت مہیا کی گئی ہے جبکہ 10 ہزار افراد کے لئے مختلف قسم کا انفراسٹرکچر بنایا گیا ہے اس ٹرمینل میں 128 بیت الخلاء ، پولیس چوکی، ٹائر شاپس، مساجد، وضو خانے، ریسٹورنٹس، ہوٹلز اور ڈرائیورز کے آرام کرنے کے لئے جگہ بھی مختص کی گئی ہے یہ منصوبہ مجموعی طور پر 150 ایکڑ رقبے پر مشتمل ہے جس میں 120 ایکڑ رقبہ آئل ٹینکرز کی پارکنگ اور 30 ایکڑ رقبہ دیگر سہولیات کے لئے مخصوص کیا گیا ہے، سیکریٹری داخلہ قاضی شاہد پرویز نے یقین دلایا کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا جہاں ضرورت ہوئی وہاں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھی تعاون حاصل کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :