جے آئی ٹی رپورٹ عدالت کا فیصلہ نہیں‘سپریم کورٹ آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ دے گی‘جے آئی ٹی کے اختیارات سے تجاوز کے حوالے سے درخواست دائر کی گئی ہے، رپورٹ کا والیم 10بھی سامنے لایا جائے،وزیراعظم اور شریف فیملی اعلی عدلیہ سے بھی سرخرو ہوںگے‘جے آئی ٹی وزیر اعظم کی تین اور بطور وزیراعلیٰ دو ادوار میں کرپشن کا ایک بھی الزام نہ لگا سکی‘جے آئی ٹی پر تحفظات آج بھی برقرارہیں،ان کی دستاویزات خود ساختہ اور غیر تصدیق شدہ ہیں،غیرمصدقہ دستاویزات کی بنیاد پر استعفے کا مطالبہ نہیں کیا جا سکتا، کس قانون کے تحت جے آئی ٹی اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے، جے آئی ٹی کی طرف سے استعمال کی گئی زبان اس بات کا ثبوت ہے کہ رپورٹ بدنیتی پر مبنی ہے‘احتساب کی بات کرنے والے اپنے ہاں احتساب اداروں کو ہی بند کردیتے ہیں

وزیر مملکت برائے اطلاعات‘ نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب کی سپر یم کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو پشاور میں دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت ، شہید ہونے والے میجر کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار، وہ وقت دورنہیں جب ملک دہشت گردی کی لعنت سے پاک ہو گا‘مریم اورنگزیب

پیر 17 جولائی 2017 21:58

جے آئی ٹی رپورٹ عدالت کا فیصلہ نہیں‘سپریم کورٹ آئین اور قانون کے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2017ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات‘نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ عدالت کا فیصلہ نہیں ہے‘سپریم کورٹ آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ دے گی‘ جے آئی ٹی رپورٹ خود ساختہ ‘غیرتصدیق شدہ ہے ‘جے آئی ٹی سفارشات سپریم کورٹ پر لاگو نہیں ہوتیں ‘وزیراعظم محمد نواز شریف اور شریف فیملی اعلی عدلیہ سے بھی سرخرو ہوںگے ‘جے آئی ٹی رپورٹ کا والیم 10بھی سامنے لایا جائے۔

وہ پیر کو سپر یم کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کر رہی تھیں۔وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں ہے اور نہ ہی جے آئی ٹی کی سفارشات سپریم کورٹ پر لاگو ہوتیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ دستاویزات جو تصدیق شدہ نہیں ہیں ان کی توثیق کون کرے گا‘اس کے برعکس شریف خاندان کی طرف سے پیش کیے گئے تمام کاغذات تصدیق شدہ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان غیر تصدیق شدہ دستاویزات کی بنیاد پر وزیراعظم نواز شریف سے استعفے کا مطالبہ نہیں کیا جا سکتا۔انہوں کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ کے والیم 10 کو چھپایا جارہا ہے‘جے آئی ٹی کے والیم 10 کو بھی منظر عام پر لانے کیلئے درخواست دی ہے۔وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ جے آئی ٹی وزیر اعظم کی تین اور بطور وزیراعلیٰ دو ادوار میں کرپشن کا ایک بھی الزام نہ لگا سکی۔

انہوں نے کہا کہ شریف فیملی کی جانب سے جے آئی ٹی کے اختیارات سے تجاوز کے حوالے سے درخواست دائر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کی دستاویزات خودساختہ اور غیر تصدیق شدہ ہیں‘کس قانون کے تحت جے آئی ٹی اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ شریف فیملی کے جے آئی ٹی پر آج بھی تمام تحفظات برقرار ہیں‘جے آئی ٹی کی طرف سے استعمال کی گئی زبان سے ثابت ہوتا ہے کہ رپورٹ بدنیتی پر مبنی ہے۔

وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ مخالفین اور کرپٹ ٹولے کی سازشیں پوری قوم نے دیکھیں‘سازشی ٹولہ آج تین مرتبہ منتخب ہونیوالے وزیراعظم پر الزام لگارہا ہے‘یہ بھی بہت عجیب بات ہے کہ سپریم کورٹ پر گندے کپڑے ٹانگنے والے آج اس کے تحفظ کی بات کرتے ہیں‘پوری قوم دیکھ رہی ہے کہ اس وزیراعظم پر انگلی اٹھائی جا رہی ہے جس نے تین نسلوں کا حساب دیا۔

انہوں نے کہا کہ احتساب کی بات کرنے والے اپنے ہاں احتساب اداروں کو ہی بند کردیتے ہیں‘3عدالتوں سے مفرور آئین اور قانون کی پاسداری کی بات کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب عدالت نے پوچھا کہ جے آئی ٹی کی دستاویزات تصدیق شدہ ہیں،جواب نفی میں ملا لیکن شریف فیملی کی جانب سے پیش کی گئی تمام دستاویزات تصدیق شدہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف ملک کی اعلیٰ عدلیہ سے بھی سرخرو ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ جس دن والیم 10 سامنے آئے گا توسب کو معلوم ہوجائے گا کہ جے آئی ٹی میں کیا ہوا۔وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ تصویر لیک کرنے والے کے معاملے پر سخت نوٹس لیا گیا ہے۔ایک سوال پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ آئین اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کیلئے وزیراعظم پورے خاندان سمیت جے آئی ٹی کے سامنے گئے۔وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ اداروں کی تضحیک کرنے والوں کے منہ سے عزت اور احترام کی باتیں مضحکہ خیز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ اور قومی ٹیلی ویڑن پر حملہ کرنے والے آج اداروں کی عزت کی بات کر رہے ہیں۔انہوں نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں احتساب کمیشن کو تالہ لگانے والے اور سندھ میں احتساب کے اداروں کو بند کرنے والے وزیراعظم پر انگلی اٹھا رہے ہیں جنہوں نے اپنی تین نسلوں کا حساب دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم نواز شریف کے ساتھ کھڑی ہے ‘سازشی عناصر کو اس مرتبہ بھی ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملنے والا۔وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے پشاور میں دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد اپنے مقصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے۔انہوں نے شہید میجر کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب ملک دہشت گردی کی لعنت سے پاک ہوگا۔

ایک صحافی کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار علی خان پارٹی کے انتہائی اہم رکن ہیں، ان کے استعفیٰ کی خبریں بے بنیاد ہیں۔چوہدری نثار نے خود کہا تھا کہ وہ پریس کانفرنس کریں گے اور اس میں بتائیں گے۔دریں اثناء نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی کو دو ہفتے میں سامان اٹھانے کا کہا تھا مگر جے آئی ٹی سامان اٹھانے کی بجائے کام کر رہی ہے جبکہ سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی کو کام جاری رکھنے کی اجازت نہیں دی۔سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی کو جو وقت دیا اس کا علم ہے ، کوئی بھی بات بغیر پڑھے نہیں کرتی،جے آئی ٹی سامان اٹھانے کی بجائے کام کر رہی ہے۔