گورنرخیبرپختونخوا کی متعلقہ حکام کو متاثرہ قبائلی علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کے معیار پرتوجہ دینے اورفنڈ کے صحیح استعمال کی ہدایت

پیر 17 جولائی 2017 22:20

گورنرخیبرپختونخوا کی متعلقہ حکام کو متاثرہ قبائلی علاقوں میں ترقیاتی ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 جولائی2017ء)گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے فاٹاسیکرٹریٹ کے متعلقہ حکام کو متاثرہ قبائلی علاقوں میں بالخصوص ترقیاتی منصوبوں کے معیار پرتوجہ دینے اورفنڈ کے صحیح استعمال کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ سال 2017-18 کے لئے فاٹا کے بجٹ کو 24.5 ارب تک بڑھایاگیاہے تاکہ فاٹا کی تیزترترقی کو یقینی بنایاجاسکے۔

وہ پیرکے روز گورنرہاؤس پشاورمیں فاٹا کے سالانہ ترقیاتی پروگرام برائے سال 2017-18 سے متعلق اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا فدامحمدوزیرسمیت فاٹاسیکرٹریٹ کے دیگرمحکمہ جات کے سربراہان، تمام ایجنسیوں کے پولیٹیکل ایجنٹس اورفاٹاسے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

فاٹاسیکرٹریٹ کے چیف اکانومسٹ نے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایاکہ گورنر کی ہدایت اورراہنمائی پر جاری منصوبوں کی جلد اوربروقت تکمیل یقینی بنانے کیلئے 70 فیصد فنڈز جبکہ نئے منصوبوں کیلئے 30 فی صد فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ جبکہ ایجنسی میں آبادی کی بنیاد پر فنڈزکی تقسیم 60 فیصد ، 30 فیصد رقبہ اور10 فیصد متاثرہ انفراسٹرکچر کی بنیاد پرکیاگیاہے۔ اجلاس کو مزید بتایاگیاکہ تمام ایجنسیوںکے منصوبوں میں سے 70 ایجنسیوں اور30 فیصد ایف آرز کے علاقوں کیلئے رکھے گئے ہیں۔

اجلاس کو یہ بتایاگیاکہ پی ایس ڈی پی کی سکیمیں اے ڈی پی کے علاوہ ہیں۔ گورنرنے اس بات پراطمینان کا اظہارکیاکہ پولیٹیکل ایجنٹس نے اراکین پارلیمنٹ کو اعتماد میں لے کر اے ڈی پی تیار کی ہے تاہم انہوں نے ہدایت کی ارکان پارلیمنٹ سے مزید مشاورت کرکے ان کے خدشات دورکئے جائیں۔ گورنرنے تمام منصوبوں میں شفافیت برقراررکھنے کی بھی ہدایت کی۔قبل ازیں اجلاس میں حیات آباد پشاورمیں خودکش بم حملے میں شہید ہونیوالے جوان اور سیکورٹی آفیسر میجرجمال کی درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔