پیپلزپارٹی فاٹا کے حوالے سے اپنے موقف سے ہرگز دستبردار نہیں ہوگی ، پاراچنار کے عوام کے ساتھ بہت ظلم ہوا ،اقتدار میں آکر شہیدوں کے ورثاء کو انصاف دلائینگے ، قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لا کر عبرتناک سزائیں دلائی جائیں گی

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو ز رداری کی فاٹا کے اراکین قومی اسمبلی سے ملاقات میں گفتگو

پیر 17 جولائی 2017 22:29

پیپلزپارٹی فاٹا کے حوالے سے اپنے موقف سے ہرگز دستبردار نہیں ہوگی ، ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 جولائی2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو ز رداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کا فاٹا کے حوالے سے موقف بالکل واضح ہے اور اس موقف سے ہرگز دستبردار نہیں ہوں گے، پاراچنار کے عوام کے ساتھ بہت ظلم ہوا ہے ، وہاں معصوم انسانوں کا قتل عام کیا گیا ہے ،پاکستان پیپلزپارٹی اقتدار میں آکر شہیدوں کے ورثاء کو انصاف دلائے گی ، قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لا کر عبرتناک سزائیں دلائی جائیں گی۔

گزشتہ روز فاٹا کے اراکین قومی اسمبلی جن میں ساجد حسین طوری، شاہ جی گل آفریدی، ملک عنایت حسین اور ملک سید مدثر حسین شامل تھے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا فاٹا کے حوالے سے موقف بالکل واضح ہے اور اس موقف سے ہرگز دستبردار نہیں ہوں گے۔

(جاری ہے)

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ فاٹا کی اصلاحات پر عملدرآمد سے وفاق مضبوط ہوگا۔

انہوں نے پاراچنار سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی ساجد حسین طوری سے کہا کہ اپنے حلقے کے عوام تک میرے جذبات پہنچائیں کہ میرا دل آپ کے لئے دھڑکتا ہے۔ میں پاراچنار کے عوام کے درد کو بخوبی سمجھتا ہوں اور ان کے دکھ میں شریک ہوں۔ بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر پاراچنار کے شہیدوں کے لئے مغفرت کی دعا اور رکن قومی اسمبلی سے اظہار تعزیت کیا۔

درایں اثناء چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی سے کے پی کے رہنمائوں اعظم آفریدی، رحیم داد خان اور ایوب شاہ نے بھی ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی کے پی کے صدر ہمایوں خان، جنرل سیکریٹری فیصل کریم کنڈی اور جمیل سومرو بھی موجود تھے۔چیئرمین پیپلزپارٹی سے پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے جنرل سیکریٹری سینیٹر فرحت اللہ بابر، نائب صدر سینیٹر شیری رحمن ، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ، پیپلزپارٹی کے سیکریٹری جنرل سید نیر حسین بخاری، سیکریٹری اطلاعات چوہدری منظور ، رکن قومی اسمبلی عمران ظفر لغاری، پیپلزپارٹی پنجاب کے جنرل سیکریٹری ندیم افضل چن اور سیکریٹری اطلاعات مصطفی نواز کھوکھر نے بھی ملاقاتیں کیں۔