افغان سفیر حضرت عمر ضاخیل وال کی مولانا سمیع الحق سے تفصیلی ملاقات ،افغان صورتحال پر تبادلہٴ خیال

مصالحت اورمذاکرات کیلئے اہم ترین ضرورت افغانستان پر مسلط غیر ملکی بیرونی قوتوں کاانخلاء ہے ، مولانا سمیع الحق

منگل 18 جولائی 2017 19:26

اکوڑہ خٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2017ء) پاکستان میں افغانستان کے سفیر حضرت عمر ضاخیل وال کی اکوڑہ خٹک میں جمعیة علماء اسلام کے امیر اوردفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق سے ان کی رہائش گاہ پر تفصیلی ملاقات ہوئی ،اس سے قبل بھی متعددبار سفیر صاحب نے اکوڑہ خٹک آکر ان سے ملاقات کی ، کئی گھنٹے کی اس ملاقات میں افغانستان کی صورتحال پاکستان اورافغانستان کے تعلقات میں سردمہری زیربحث آئی ، افغان سفیرنے مولانا سمیع الحق سے قیام امن کیلئے موثر کردار اداکرنے کی اپیل کی اورکہا کہ آپ کی شخصیت صرف طالبان کیلئے نہیں بلکہ پورے افغانستان اوراس کے موجودہ حکمرانوں کیلئے بھی قابل احترام ہے اورآپ کی ذات پر ہم سب جمع ہوسکتے ہیں ،مولانا سمیع الحق نے قیام امن کیلئے بھر پور تعاون کواسلام کاتقاضاقرار دیااورکہا کہ مصالحت اورمذاکرات کیلئے اہم ترین ضرورت افغانستان پر مسلط غیر ملکی بیرونی قوتوں کاانخلاء ہے ، اس سلسلہ میں پاکستان کوبھی اس بارہ میں اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرنی ہوگی، کیونکہ موجودہ صورتحال کاسارا فائدہ بھارت اورملک دشمن طاقتوں کوپہنچ رہاہے۔