ساہیوال، طوفانی بارش ، بجلی کا جھٹکا لگنے سے ایک بچہ جاں بحق ، 7افراد زخمی

منگل 18 جولائی 2017 20:34

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جولائی2017ء) ساہیوال میں طوفانی بار ش ، بجلی کا جھٹکا لگنے سے ایک جاں بحق ، مکانوں کی چھتیں گرنے سے 7افراد شدید زخمی، دو ٹرانسفار مر جل گئے ، بجلی کا نظام درہم برہم ، شہری علاقوں میں تین گھنٹے بعد بجلی کی سپلائی بحال۔ تفصیلات کے مطابق آج بعد دوپہرساہیوال شہر اور آبادی میں زبر دست طوفان آیا اور تیز بارش ہوئی جس کی وجہ سے نشینی علاقے اور کچی آبادیاں پانی میں ڈوب گئیں سیوریج سسٹم بند ہونے کی وجہ سے گلیاں اور بازار ندی نالوں کا منظر پیش کر رہے ہیں ، شہریوں کا گزرنا محال ہوگیا ہے ۔

رنگ شاہ میں بارش کے دوران گیلی تاروں کو چھونے سے ایک 15سالہ بچہ انور جاں بحق جبکہ پاکپتن چوک میں مکان کی چھت گرنے سے ظفر اقبال40سالہ، علی رفیق 15سالہ اور غلام علی 35سالہ شدید زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

چک 7-110آر اور چک 7-119ڈی آر مکانوں چھتیں گرنے سے چار افراد شدید زخمی ہو گئے جن میں ایک 30سالہ عورت خیراں کی حالت نازک ہے۔ تمام زخمیوں کو سول ہسپتال ساہیوال داخل کرا دیا گیا ہے جبکہ کوٹ خادم علی شاہ ، کوٹ فرید خاں ، سوڑی گلی ، انصار روڈ ،کربلا روڈ ، محلہ فیض آباد، اماتوکالونی اور جہاز گرائونڈ ، آبادی قبرستان کالونی میں پانی کے نکاس کا انتظام نہ ہونے کی وجہ سے میونسپل کارپوریشن کا سٹاف امدادی کاروائیوں میں مصروف ہے اگلے چوبیس گھنٹے کے اندر تمام سیوریج سسٹم بحال کر دیا جائیگا ۔

یہ بات میونسپل کارپوریشن کے ترجمان نے بتائی۔جبکہ واپڈا نے 38ٹرپ ہونے والے فیڈر بحال کرکے بجلی کی سپلائی چالو کر دی ہے مزید دیہی علاقوں کے 6فیڈر تاروں کے ٹوٹنے سے بند ہیں ، تاروں کی مرمت کے بعد بجلی کی سپلائی بحال کر نے کی کوششیں جاری ہیں۔