جنوبی افریقہ کے آنجہانی رہنماء نیلسن منڈیلا کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کا عالمی دن منایا گیا

منگل 18 جولائی 2017 21:34

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2017ء) نسلی امتیاز کے خاتمے کیلئے جنوبی افریقہ کے آنجہانی رہنماء نیلسن منڈیلا کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کا عالمی دن منگل کو منایا گیا۔اس دن کو منانے کامقصد جنوبی افریقہ کے رہنماء کو نسلی تعصب کے خلاف ان کی انتھک جدوجہد کے حوالے سے خراج عقیدت پیش کرنا تھا۔نیلسن منڈیلا نے ایک ایسے وقت نسلی امتیاز کے خلاف آواز بلند کی تھی جب جنوبی افریقہ میں سیاہ فام باشندوں کے خلاف امتیازی سلوک اپنے عروج کو پہنچ چکا تھا اور بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی جا رہی تھیں، انہوں نے اس قسم کے نسلی امتیاز کے خلاف جدوجہد شروع کی جس سے خائف ہو کر اس وقت کے حکمرانوں نے ان کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا اور انھیں مختلف قسم کی ایذائیں پہنچائی گئیں تاہم نیلسن منڈیلا نے نہ فقط جیل میں استقامت کا مظاہرہ کیا بلکہ جیل میں بھی اپنی تحریک جاری رکھی جس کا ثمرانھیں 28 سال کی قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے کے بعد آزادی، مطالبات کے تسلیم ہونے اور نسلی امتیاز کے خاتمے کی صورت میں ملا جو تاریخ میں امر ہو گیا۔

(جاری ہے)

ملک کے پہلے الیکشن میں فتح کے بعد وہ 1994ء میں پانچ برس کے لئے صدر منتخب ہوگئے جس کے بعد انہوں نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ۔ ہر برس نیلسن منڈیلا کی سالگرہ کے دن یعنی اٹھارہ جولائی کو منڈیلا ڈے منایا جاتا ہے۔ نیلسن منڈیلا ڈے منانے کا مقصد ان کی پوری دنیا کے لیے کی گئی جمہوری کوششوں اور امن کو آگے بڑھانے کی کاوشوں اور دنیا میں آزادی کے لیے اہم کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :