سکھر،بیگم نصرت بھٹو ایئرپورٹ سے پہلی حج پرواز 27 جولائی کوروانہ ہوگی

بدھ 19 جولائی 2017 20:46

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جولائی2017ء) بیگم نصرت بھٹو ایئرپورٹ سکھر سے پہلی حج پرواز عازمین حج کو لے کر27 جولائی 2017 کوروانہ ہوگی ،عازمین حج کو بیگم نصرت بھٹو ایئرپورٹ سکھر پر تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔ ان خیالات کا اظہار بیگم نصرت بھٹو ائیرپورٹ سکھر کے منیجر ناصر شیخ نے اپنے دفتر میں حج آپریشن 2017 کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں کسٹم، اینٹی نارکوٹیکس، ایف آئی اے، اے ایس ایف، پولیس، صحت، سول ایوی ایشن، میونسپل انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں مشترکہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ سکھر ایئرپورٹ پر عازمین حج کو روانہ کرنے کے وقت پینے کے صاف پانی، حفاظتی ویکسین ، ٹریفک کنٹرول ، عازمین کے ساتھ آنے والے افراد کے لیے بندو بست اور دیگر اقدامات پر عمل درآمد ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے گا ،عازمین حج کے ساتھ ایک فرد کو ایئرپورٹ میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کسٹم ،ایف آئی اے، اینٹی نارکوٹیکس،صحت محکموں کے افسران کو پابند کیا گیا کہ وہ 25 جولائی تک اپنا کام مکمل کریں تاکہ عازمین حج کی راونگی کے وقت شفافیت میں مدد مل سکے ۔ اجلاس میں 27 جولائی 2017 کو جانے والے عازمین حج کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ شام 5 بجے سکھر ایئرپورٹ پہنچ جائیں تاکہ رات 9 بجے حج پرواز میں کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ایئر پورٹ منیجر نے میونسپل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ حج کمپلیکس میں صفائی ستھرائی کا بہتر بندوبست ،روشنی کے انتظامات مکمل کرتے ہوئے عملے کو تعینات کیا جائے جبکہ فائربریگیڈکی 24 گھنٹے موجودگی کو یقینی بنایا جائے محکمہ صحت کے حکام کو مزید ہدایت دی کہ ایئرپورٹ پر ایمبولینس سمیت ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور مطلوبہ دوائیں میسر ہونی چاہیںانہوں نے بتایا کہ حج کمپلیکس تا ایئرپورٹ روڈ تک فول پروف حفاظتی انتظامات کیے جائیں گے جبکہ کیمپ میں خواتین پولیس اہلکار تعینات ہونگی اور ٹریفک کنٹرول کے لیے سٹی بائی پاس تا ائیرپورٹ تک ٹریفک پولیس اپنے فرائض کی ادائیگی سرانجام دے گی انہوں نے مزید بتایا کہ حج کمپلیکس میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے لیے سیپکو حکام کو تحریری طور پر لکھا جائے گا ۔

انہوں نے اینٹی نارکوٹیکس کے حکام کو ہدایت دی کہ وہ عازمین حج کو منشیات اوردیگر اشیاء کے بارے میں آگاہی فراہم کریں۔

متعلقہ عنوان :