تحریک آزادی کشمیر سے غداری پانامہ سے بڑا مسئلہ ہے ، دفاع پاکستان کونسل ملک کے تمام بڑے شہروںمیں رابطہ کمیٹیاں بنائیگی ، چاروں صوبوں و آزاد کشمیر میں بڑے جلسوں اور کانفرنسوں کے ذریعہ قوم کو متحد وبیدار کریں گے،پاکستان اسلام کا قلعہ لیکن کشمیر کے بغیر نامکمل ہے،کشمیر کا فیصلہ شمشیر سے ہو گا،مظلوم کشمیریوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے، کشمیر کی تحریک کشمیریوں کی اور آئین و قانون کے عین مطابق ہے ،ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کیلئے قوم کو مایوس نہیں کریں گے ، گلی گلی شہر شہر کشمیر کی تحریک جاری رکھیں گے

مولانا سمیع الحق،پروفیسر حافظ عبدالرحمان مکی،لیاقت بلوچ،پیر سید ہارون علی گیلانی، فضل الرحمان خلیل،مولانا امیر حمزہ، عبدالعزیز علوی کادفاع پاکستان کونسل کی کشمیرکانفرنس سے خطاب

بدھ 19 جولائی 2017 23:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جولائی2017ء) م-ذہبی، سیاسی و کشمیری جماعتوں کے قائدین اور متحدہ جہاد کونسل کے رہنمائوںنے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر سے غداری پانامہ سے بڑا مسئلہ ہے۔ دفاع پاکستان کونسل ملک کے تمام بڑے شہروںمیں رابطہ کمیٹیاں بنائے گی۔ چاروں صوبوں و آزاد کشمیر میں بڑے جلسوں اور کانفرنسوں کے ذریعہ قوم کو متحد وبیدار کریں گے۔

پاکستان اسلام کا قلعہ لیکن کشمیر کے بغیر نامکمل ہے۔کشمیر کا فیصلہ شمشیر سے ہو گا،مظلوم کشمیریوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے۔حافظ محمد سعید کی نظربندی اور سید صلاح الدین کو دہشت گرد قرار دینا تحریک آزادی کو کمزور کرنے کی سازش ہے‘انہیں فی الفور رہا کیاجائے۔ کشمیری استحکام پاکستان کے لئے جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

کشمیر کی تحریک کشمیریوں کی اور آئین و قانون کے عین مطابق ہے۔قیام پاکستان سے قبل الحاق پاکستان کی قرارداد پیش کرنے والے آج بھی کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگا رہے ہیں۔ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کیلئے قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔ پورا پاکستان مسئلہ کشمیر پر کشمیریوں اور حافظ محمد سعید کے ساتھ ہے۔ گلی گلی شہر شہر کشمیر کی تحریک جاری رکھیں گے۔

و ہ بدھ کو دفاع پاکستان کونسل کی کشمیرکانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ ناصر باغ مال روڈ پر ہونے والی کانفرنس سے دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق،پروفیسر حافظ عبدالرحمان مکی،لیاقت بلوچ،پیر سید ہارون علی گیلانی،مولانا فضل الرحمان خلیل،مولانا امیر حمزہ،مولانا عبدالعزیز علوی،شیخ جمیل الرحمان،قاری یعقوب شیخ،عبداللہ حمید گل،حافظ عبدالغفار روپڑی،مولانا سیف اللہ خالد،سردار محمد چغتائی، حافظ طلحہ سعید،مرزا ایوب بیگ، شیخ نعیم بادشاہ،علامہ ہشام الہیٰ ظہیر،مزمل اقبال ہاشمی،مولانا عنایت اللہ ربانی،حافظ مدثر مصطفیٰ،ابوالہاشم ربانی، حافظ خالد ولید، مولانا بشیر احمد خاکی،مولانا ادریس فاروقی،علی عمران شاہین،حافظ عثمان شفیق،حافظ ابتسام الحسن و دیگر نے خطاب کیا۔

اس موقع پر شہر بھر سے تمام مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افرادنے شرکت کی۔ مقررین کے خطابات کے دوران زبردست جذباتی ماحول دیکھنے میں آیا۔ ہزاروں شرکاء شدید حبس اور گرمی کے باوجودانتہائی دلجمعی سے خطابات سنتے رہے۔ شرکاء نے پاکستانی پرچم اٹھا رکھے تھے۔ ہزاروں افراد کی جانب سے کشمیریوں سے رشتہ کیا لاالہ الااللہ، سید علی گیلانی، حافظ محمد سعید قدم بڑھائو ہم تمہارے ساتھ ہیں، کشمیر بنے گا پاکستان اور انڈیا کی بربادی تک جنگ رہے جنگ رہے گی‘ کے زوردار نعرے لگائے جاتے رہے۔

دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملکی سلامتی،سرحدوں کے تحفظ اور دشمنوں کی سازشوں سے پاکستان کو بچائیں گے۔ دفاع پاکستان کونسل نے تمام مکاتب فکر کو ایک سٹیج پر جمع کیا۔جلسوں میں پاکستانی پرچم اٹھانے سے یکجہتی کا پیغام جاتا ہے۔ہمارا مشن اقتدار یا کرسی نہیںبلکہ نظریاتی،جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے آج کے دن یوم الحاق پاکستان کی قرارداد پیش کی،آج بھی کشمیری اسی طرح قربانیاں دے رے ہیں ۔ہم شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں،انہوںنے کہاکہ ہمارے حکمران غلام اور بے بس ہیں۔انہوں نے کہا کہ جہاد کا حکم اللہ نے دیا ہے جو قیامت تک جاری رہے گا۔ جب مسلمانوں پر مظالم ہوں تو حکومتوں کے اعلان کا انتظار نہیں کیا جاتا۔

پاکستانی حکمرانوں پر اللہ کا عذاب آیا ہے،ممتاز قادری کو پھانسی کے پھندے پر لٹکایا گیا،ریمنڈڈیوس کو چھوڑا گیا،ماڈل ٹائون میں چودہ قتل کیے گئے۔ انہی دنوں میں نے منصورہ میں کہا تھا کہ حکمران چین کی نیند نہیں سو سکیں گے۔میںسپریم کورٹ سے اپیل کرتا ہوں کہ پانامہ کے مخمصے سے قوم کونکالے۔انہوں نے کہا کہ دفاع پاکستان کونسل قوم کو متحد کرے گی۔

دنیا کی تمام کافر طاقتیں ایک ہو چکی ہیں،حکمران انکا کچھ نہیں کر سکتے،پاکستان کے بائیس کروڑ عوام مقابلہ کریں گے۔ جماعة الدعوة سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمان مکی نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل سازش کے تحت نریندر مودی کو اقتدار میں لیکر آئے اورکشمیرپر دبائو بڑھایا گیا۔ جب سے ہزاروں مسلمانوں کا یہ قاتل اقتدار میں ہے بھارت نے کشمیریوں پر ظلم و بربریت کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔

اسے پینٹاگون اور تل ابیب کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ ہمیں پانامہ سے زیادہ پریشانی اس بات پر ہے حکومت کشمیر کے حوالہ سے سردمہری کا مظاہرہ کر رہی ہے اور غیر فعال ہے۔ ایک طرف بھارت کشمیر میں کیمیائی ہتھیار استعمال کر رہا ہے اور دوسری جانب دبائو ڈال کر حافظ محمد سعید کو نظربند کروادیا گیا ہے۔ بیرونی قوتیں جماعةالدعوة کی سرگرمیاں محدود کرنا چاہتی ہیں تاکہ وہ کشمیر میں قتل عام تیز کریں اور پاکستان میں کشمیریوں کے حق میں اٹھنے والی مضبوط آواز خاموش رہے۔

انہوںنے کہاکہ حکومت کی جانب سے دہلی کی پالیسیوں کو تقویت دی جارہی ہے۔ حکومت کی کوئی کشمیر پالیسی نظر نہیں آرہی۔ کشمیری مجاہدین اپنی جدوجہد آزادی جاری رکھیں گے۔ قوم کشمیریوں کے ساتھ ہے۔ سال 2017ء کو کشمیر کے نام کرتے ہیں۔ پورا پاکستان مسئلہ کشمیر پر کشمیریوں اور حافظ محمد سعید کے ساتھ ہے۔ گلی گلی شہر شہر کشمیر کی تحریک جاری رکھیں گے۔

جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا کہ کشمیری قوم متحد ہو کر میدان میں ہیں اور پاکستان میں ہمارے لوگ منتشر ہیں۔بھارت افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج عالمی منظر بدل رہا ہے،امریکہ ،بھارت ،اسرائیل کی ناپاک تثلیث وجود میں آچکی ہے،مودی نے اسرائیل اور واشنگٹن کا دورہ کیا۔امریکہ مودی کو دہشت گرد کہتا تھا لیکن اب پروٹوکول دیا گیا۔

انہوںنے کہا کہ حافظ محمد سعید کو حکومت نے نظربند کیا پھر سید صلاح الدین کو امریکہ نے دہشت گرد قرار دے دیا،یہ تحریک آزادی کشمیر کو کمزور کرنے کی سازش ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کی پشتبان ہے،دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق کی قیادت میں ملک بھر میں کشمیریوں کی حمایت میں تحریک چلائیں گے۔ہدیة الھادی پاکستان کے چیئرمین پیر سید ہارون علی گیلانی نے کہا کہ خون مسلم ارزاں ہو چکا ہے۔

کشمیر،بوسنیا،فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی آواز دنیا کو جھنجھوڑ رہی ہے۔پاکستان اسلام کا قلعہ ہے لیکن کشمیر کے بغیر نامکمل ہے۔ستر سال بیت گئے کشمیرآزاد نہیں ہو سکا۔اسلامی نظام کے نفاذ سے کشمیر آزاد ہو گا۔انصار الامة کے امیر مولانا فضل الرحمان خلیل نے کہا کہ پاکستان کے بائیس کروڑ عوام کشمیریوں کے ساتھ ہیں،دینی جماعتیں کشمیریوں کے لئے نکلتی ہیں۔

بانی پاکستان نے کشمیر کو پاکستان کی شہہ رگ کہا ہے ۔کشمیر کی تحریک کشمیریوں کی اور آئین و قانون کے مطابق ہے ۔ہمیں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔مودی موذی ہے اور موذی کو قتل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔کشمیر کا حل مذاکرات نہیں بلکہ جہاد ہے۔تحریک حرمت رسول ﷺکے کنوینر مولاناامیر حمزہ نے کہا کہ آج یوم الحاق پاکستان ہے۔ انڈیا نے پاکستانی ریاستوں کی طرح 1975ء میں چین کے علاقہ سکم پر قبضہ کیا۔

اسی طرح ڈھاکہ کو 71ء میں الگ کیا۔ اسے قبضوں کی عادت ہے۔ اب چین نے انڈیا کو سبق سکھانے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ انڈیا اب سینڈوچ بنے گا۔ اب تمہاری مشرقی ریاستیں جن میں علیحدگی کی تحریکیں ہیں اب تمہارے ساتھ نہیں رہیں گی۔ پاک چین اقتصادی راہداری کیخلاف سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ تحریک آزادی جموں کشمیر کے چیئرمین مولانا عبدالعزیز علوی نے کہا کہ ریاست جموں کشمیر میں بسنے والے پاکستان کے پرچم کی سربلندی،استحکام کے لئے جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔

آزادو مقبوضہ کشمیر کے باسی پاکستان کے لئے قربانیاں پیش کر رہے ہیں لیکن افسوس کی پاکستان سے کشمیریوں کی مدد وحمایت کی موثر آواز بلند نہیں کی جا رہی ۔انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کر رہی ہے۔کشمیری آج بھی الحاق پاکستان کے وعدے پر قائم ہیں۔متحدہ جہاد کونسل کے سیکرٹری جنرل شیخ جمیل الرحمان نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کروانے والے را کے ایجنٹ موجود ہیں انہیں کوئی روکنے والا نہیںاس کے مقابلے میں کشمیری قوم کی مدد کرنے والے حافظ محمد سعید کو حکومت نے نظربند کر رکھا ہے۔

کشمیر کی تحریک پاکستان کی تحریک ہے،پاکستانی پرچم میں لپٹی شہداء کی لاشیں سوال کرتی ہیں کہ ہمارا جرم کیا ہی پاکستان سے محبت کے جرم میں کشمیریوں کو شہید کیا جا رہا ہے۔ہر کشمیری کی زبان پر پاکستان ہمارا ہے کا نعرہ ہے۔انہوںنے کہا کہ ہندوستان کا ٹوٹنا پاکستان کے استحکام کے لئے ضروری ہے۔کشمیریوں کی مدد کرنا پاکستان پر فرض ہے۔دفاع پاکستان کونسل کے چیف کو آرڈینٹر قاری یعقوب شیخ نے کہا کہ نریندر مودی نے پاکستان توڑنے کا اعتراف کیا،کشمیریوں کے دلوں کی دھڑکن حافظ محمد سعید کو رہا کیا جائے۔

پاکستان کے حکمرانوںکو کشمیریوں کی عملی مدد و حمایت کرنی چاہیے،کشمیری پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔مسلم کانفرنس کے رہنما ممبر قانون ساز اسمبلی سردار محمد چغتائی نے کہا کہ انیس جولائی کو الحاق پاکستان کے موقع پر پروگرام کے انعقاد پر دفاع پاکستان کونسل کے قائدین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم سبز ہلالی پرچم اٹھائے کشمیریوں کی مدد و حمایت کے لئے کھڑی ہے۔

تحریک جوانان پاکستان کے چیئرمین عبداللہ حمید گل نے کہا کہ آنے والے الیکشن میں قوم اپنے لیڈروں سے سوال کرے کہ کشمیر پر ا ن کا کیا موقف ہے۔مودی جب اسرائیل کا دورہ کر رہا تھا اسوقت پاکستان نے نصر میزائل کا تجربہ کیا۔بھارت،اسرائیل،امریکہ گٹھ جوڑ ہو رہا ہے لیکن پاکستان بھی مضبوط ہو رہا ہے۔روس پاکستان کا اتحادی بن چکا ہے،انہوں نے کہا کہ حافظ محمد سعید کی قید غیر آئینی و قانونی ہے،ہم رہائی کے لئے تحریک چلائیں گے۔

فلاح انسانیت فائونڈیشن نے عوام کی خدمت کی،اسی جرم میں حافظ محمد سعید کو نظربند کیا گیا ہے۔کشمیریوں کی مددو حمایت جرم ہے تو کرتے رہیں گے۔جماعت اہلحدیث کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کا گھر ہے اور قوم کشمیریوں کے ساتھ ہے۔2017کو حافظ محمد سعید نے کشمیر کی آزادی کا سال قرار دیا تھا ،حکومت نے انہیں نظربند کر دیا،حافظ محمد سعید کو فوری رہا کیا جائے،انکی قیادت میں تحریک کشمیر جاری رہے گی۔

تحریک آزادی جموں کشمیر کے مرکزی رہنما مولانا سیف اللہ خالد نے کہا کہ ہم کشمیر کے شہیدوں کا انتقام لیں گے۔بھارت ظلم سے باز آجائے۔اقوام متحدہ،عالمی عدالت انصاف سمیت دیگر عالمی ادارے خاموش ہیں۔وہ بھارت کو ظلم سے روکیں بصورت دیگر جنوبی ایشیا میں امن کی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔جماعة الدعوة کے مرکزی رہنما حافظ طلحہ سعید نے کہا کہ پاکستان بننے سے چند روز قبل کشمیریوںنے الحاق پاکستان کی قرارداد پیش کی تھی،تحریک آزادی کشمیر تحریک پاکستان کا تسلسل ہے۔

تنظیم اسلامی کے مرکزی رہنما مرزا ایوب بیگ نے کہا کہ کشمیری ستر سالوں سے میدان میں قربانیاں پیش کر رہے ہیں ہمیں انکی مدد کے لئے عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔پاکستان مضبوط و مستحکم ہو گا تو کشمیر کو آزادی ملے گی۔تحریک انصاف کے رہنما حافظ مدثر مصطفیٰ نے کہا کہ کشمیریوں کے خون کو بیچنے والوں کو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی۔نواز شریف نے مردمجاہد پروفیسر حافظ محمد سعید کو نظربند کیا،اب نواز شریف کے جانے کی باری ہے۔

متحدہ جمعیت اہلحدیث کے مرکزی رہنما شیخ نعیم بادشاہ ، جمعیت اہلحدیث کے مرکزی رہنما علامہ ہشام الہیٰ ظہیر،تحریک انصاف کے رہنما حافظ مدثر مصطفیٰ ،ابوالہاشم ربانی، حافظ خالد ولید، مولانا بشیر احمد خاکی،مزمل اقبال ہاشمی،مولانا عنایت اللہ ربانی،مولانا ادریس فاروقی،علی عمران شاہین،حافظ عثمان شفیق،حافظ ابتسام الحسن و دیگر نے کہا کہ کشمیر کی تحریک میں ہم حافظ محمد سعید کے سپاہی ہیں۔قربانیوں کی بدولت جلد کشمیر پاکستان کا حصہ ہو گا۔حکومت حافظ محمد سعید کو رہا کرے۔