پاناما پیپرز پر سپریم کورٹ کا جو بھی فیصلہ ہو گا وزیراعظم محمد نواز شریف اور ان کی جماعت قبول کریں گے

وفاقی وزیر برائے پورٹس اینڈ شپنگ میر حاصل بزنجو کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

جمعہ 21 جولائی 2017 23:15

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2017ء) وفاقی وزیر برائے پورٹس اینڈ شپنگ میر حاصل بزنجو نے کہا ہے کہ پاناما پیپرز پر سپریم کورٹ کا جو بھی فیصلہ ہو گا وزیراعظم محمد نواز شریف اور ان کی جماعت قبول کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف اور ان کے خاندان نے آئین و قانون کی پاسداری کرتے ہوئے اس پر عمل کیا اور شفاف تحقیقات کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے خود کو اور اپنے خاندان کو احتساب کے لیے پیش کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے کسی بھی فورم پر یہ بات نہیں کہی کہ وہ سپریم کورٹ کے فیصلوں کو قبول نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے جب بھی شریف خاندان کو بلایا وہ پیش ہوئے جو ایک مثال ہے۔