سیاسی جماعت کے کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دو ملزمان گرفتار، ملزمان کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے، کرنل قیصر اجمل خٹک کی پریس کانفرنس

پریس کانفرنس کے دوران الطاف حسین کے واٹس ایپ وائس میسج بھی صحافیوں کو سنوائے گئے ،پچاس ہزار روپے کے انعام کی بینک سلپ بھی دکھائی گئی

بدھ 26 جولائی 2017 21:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2017ء) پاکستان رینجرز سندھ نے سیاسی جماعت کے دو کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا، دونوں ملزمان کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے۔ پاکستان رینجرز سندھ کے کرنل قیصر اجمل خٹک نے رینجرز ہیڈکواٹرز بدھ کے روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ رینجرز نے 17 جولائی کی شام ایک سیاسی جماعت کے کارکنان عبدالمجید عرف ندیم مولانا اور ارشاد عرف لال خان کو اورنگی ٹائون میں قتل کرنے والے دو ملزمان محمد رحیم (شوٹر) اور محمد دانش (ڈرائیور) کو گرفتار کر لیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں ملزمان کا تعلق ایم کیو ایم لندن سیکریٹریٹ سے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چشم دید گواہوں نے بھی ملزمان کو شناخت کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

کرنل قیصر اجمل خٹک نے مزید بتایا کہ واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور موٹرسائیکل بھی برآمد کی جا چکی ہے جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے بھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے مطابق ان کو یہ ٹارگٹ تقریبا ایک ماہ پہلے ایم کیو ایم لندن نے سائوتھ افریقہ میں موجود دہشت گرد نیٹ ورک کے کارکنان قمر الاسلام عرف قمر ٹیڈی عرف وسیم بھائی اور کوڈ نام عبداللہ کے ذریعے دیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں ملزمان اور ان کے ساتھی کارروائی کے دوران لندن گروپ کے سائوتھ افریقہ میں موجود اپنے ساتھیوں سے واٹس ایپ کال کے ذریعے رابطے میں تھے، ملزمان سے ایک دوسرے کو وقتا فوقتا واٹس ایپ پیغامات دیئے گئے جو کہ ملزمان سے برآمد موبائل فون میں موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ واٹس ایپ میسج جس میں کوڈ نام عبداللہ نے سائوتھ افریقہ سے ملزمان کو 19 جولائی کو پانچ بجے واٹس ایپ مسیج کر کے اس بات کی تصدیق کی کہ آپ نے الطاف حسین کی شاباشی کا میسج سن لیا ہے۔

دوسرا واٹس ایپ میسج الطاف حسین نے سائوتھ افریقہ کے دہشت گردوں کو کراچی میں کلنگ کروانے کی شاباشی دی جو کہ کوڈ نام عبداللہ نے 19 جولائی کو پانچ بج کر ایک منٹ پر بھیجا۔ کرنل قیصر اجمل خٹک نے بتایا کہ کارروائی کے بعد ملزم دانش کے بینک اکائونٹ میں انعام کے طور پر 50 ہزار روپے رقم بھی ٹرانسفر کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار دونوں ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران ایم کیو ایم لندن کی قیادت کے حکم پر ٹارگٹ کلنگ کی مزید وارداتوں کا اقرار بھی کیا ہے۔

یہ ملزمان اپنے باقی ساتھیوں کے ساتھ سوشل میڈیا کے ذریعے پاکستان، افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف نفرت انگیز مواد کی تشہیر کے ساتھ ساتھ خفیہ طور پر کراچی میں الطاف حسین کے حق میں وال چاکنگ میں بھی ملوث رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے اپنے کچھ ساتھیوں کے نام بھی بتائے ہیں جو براہ راست الطاف حسین، ندیم نصرت اور قمر الاسلام عرف ٹیڈی عرف وسیم بھائی، عبدالرشید عرف بابو بہاری اور کوڈ نام عبداللہ کے نام پر مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں اور کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

ان شریک ملزمان کی گرفتاری کے لئے بھی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران الطاف حسین کے واٹس ایپ وائس میسج بھی صحافیوں کو سنوائے گئے اور پچاس ہزار روپے کے انعام کی بینک سلپ بھی دکھائی گئی۔ پریس کانفرنس کے اختتام پر کرنل قیصر اجمل خٹک نے بیرون ملک مقیم شرپسند عناصر کو پیغام دیا کہ ''وہ وقت گذر گیا ہے کہ جب لندن اور سائوتھ افریقہ سے آرڈر ہوتا تھا اور یہاں لاشیں گر جاتی تھیں، ایک کال پر شہر بند ہو جاتا تھا، کراچی کے عوام اور بیرون ملک محب وطن پاکستانی یہ سب مسترد کر چکے ہیںجس کا منہ بولتا ثبوت وہ راہگیر چشم دید گواہ ہیں جن کی مدد سے اس کیس کو حل کیا گیا۔

پاکستان رینجرز سندھ ایسے تمام عناصر پر نظر رکھے ہوئے ہے اور ایسی کسی بھی سازش سے سختی سے نمٹا جائے گا۔'