اخراجات میں کمی،پی آئی اے انتظامیہ نے حج آپریشن کے دوران کیبن کریو کیلئے ہوٹل کی سہولت ختم کردی

بدھ 26 جولائی 2017 23:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جولائی2017ء) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی ای) کی انتظامیہ نے اخراجات میں کمی لانے کیلئے حج آپریشن کے دوران کیبن کریو کیلئے ہوٹل کی سہولت ختم کردی۔بدھ کو قومی ایئرلائن کے حکام کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ اور ایئر لیگ یونین کے درمیان ایک معاہدے طے پایا ہے جس کے تحت حج آپریشن میں کیبن کریو کیلئے ہوٹل کی سہولت ختم کردی گئی ہے،ہوٹل کی سہولت کے متبادل کی مد میں کیبن کریو کو رقم کی نقد ادائیگی کی جائے گی ، حج پرواز کی واپسی پر کریو کو کیش ادائیگی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا جس کے مطابق 12 گھنٹے سے زائد ڈیوٹی کرنے والے کیبن کریو کو پرواز کی واپسی پر پانچ ہزار روپے کی کیش ادائیگی کی جائے گی۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق قومی ایئر لائن کے انتظامیہ ادارے کے اخراجات میں کمی لانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ حج پروازوں پر تعینات کیبن کریوکے ہوٹل اخراجات کی مد میں ایئر لائن کو64ملین سے زائد کے اخراجات کا سامنا تھا، معاہدے کے بعد کیش ادائیگی کی مد میں کیبن کریو کو ادا کی جانے والی رقم صرف 13 ملین رہ جائے گی۔ذرائع کے مطابق جدہ اور مدینہ میں ہوٹل کی سہولت کے خاتمے سے ایئر لائن کو پانچ کروڑ روپے سے زائد کی بچت ہوگی، معاہدے کے لئے قابل عمل تجاویز جی ایم فلائٹ سروسز یعقوب نعیم نے پیش کیں، اس حوالے سے سی ای او پی آئی اے نیر حیات نے کہا کہ معاہدے کے لئے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے متعلقہ قوانین کو مد نظر رکھا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :